• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ ، لاری اڈے کے قریب سے بھارتی شہری پنچم تیواری گرفتار

گوجرانوالہ(صباح نیوز)گوجرانوالہ کے لاری اڈے کے قریب سے بھارتی شہری پنچم تیواری کو گرفتار کرکے اس کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق پنچم تیواری 10سال پہلے غیر قانونی طور پرپاکستان میں داخل ہوا اور یہاں اس نے بلال کے نام سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر رکھا تھا۔پنچم تیواری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں اس کے دوست کامران اور اس کے گھر کے پانچ افراد بھی شامل ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے کے مطابق گوجرانوالہ جوڈیشل مجسٹریٹ سے بھارتی شہری پنجم تیواری کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عامر نواز کا کہنا ہے کہ ریمانڈ پورا ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کریں گے۔گرفتار بھارتی شہری نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ2009میں پاکستانی شہری کامران کے ساتھ دبئی میں کاروبار کیا، کامران سے متاثر ہو کر ہندو مذہب چھوڑا اور اسلام قبول کیا، مذہب کی تبدیلی کے باعث واپس بھارت جانے سے ڈرتا تھا۔ پنچم تیواری کا کہنا تھا کہ کامران نے پاکستان رہنے اور بہن سے شادی کی پیشکش کی، انسانی اسمگلرز نے سمندری راستے سے کراچی پہنچایا۔بھارتی شہری نے بتایا کہ کامران کے پھوپھا مسعود نے اپنا بیٹا ظاہر کر کے شناختی کارڈ دلوایا اور نیانام بلال رکھ دیا۔پنچم نے عدالت کو بتایا کہ کامران کی بہن سے شادی ہوئی جس سے ان کے 3 بچے ہیں، بطور مسلمان یہیں زندگی گزارنا چاہتا ہوں، بھارت نہیں جائوں گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کامران اور اس کے گھر کے 5 افراد بھی مقدمہ میں ملزم ہیں، پنچم کے بیان کی روشنی میں کامران اور اس کی فیملی سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے، شناختی کارڈ جاری کرنے والے نادرا ملازمین سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

تازہ ترین