امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک کروڑ کشمیری عوام کے لیے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ اقدام کرکے شملہ معاہدے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے آئینی ترمیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی نازک ہے، پہلے سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج تھی اب مزید ایک لاکھ فوجی بھیجے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں اور کشمیر میں کرفیو اور دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، کشمیر میں بھارتی شہریوں کو نکلنے کے لیے کہا گیا، فرانس، کینیڈا اور برطانیہ نے بھی اپنے شہریوں کو وہاں جانے سے منع کر دیا ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کشمیری قیادت اور بھارت نواز سیاستدان نظر بند یا جیلوں میں ہیں، ایک کروڑ کشمیری عوام کے لیے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر جنگ زدہ علاقہ بن گیا ہے، فوری طور پر سلامتی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔