کوئٹہ میں باچا خان چوک کے قریب چپل بنانے والی مارکیٹ میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔
پولیس کے مطابق منگل کی شام ساڑے پانچ بجے باچا خان چوک پر چپل بنانے والی ایک مارکیٹ میں زوردار دھماکہ ہوا، دھماکے سے مارکیٹ کی کئی دوکانوں کو نقصان پہنچا اور علاقے میں بھگڈر مچ گئی۔
پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر سلیم ابڑو کے مطابق زخمیوں میں دو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، دھماکے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مشن روڈ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کے تدارک کےلئے پولیس کو موثر سیکیورٹی پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔