• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورکزئی، مالاکنڈ میں بارش سے حادثات، شمالی علاقوں کیلئے الرٹ


ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اورکزئی اور مالاکنڈ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی۔

ملبے تلے دب کر 5 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اورکزئی اور مالاکنڈ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 5 سالہ بچہ اور خاتون جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔

ادھر منڈی بہاء الدین، حافظ آباد اور سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے اور موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔

موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔

ادھر سندھ میں متعدد مقامات پر موسم ابر آلود ہے، آزاد کشمیر میں مظفر آباد، پلندری سمیت مختلف جگہوں پر بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم کافی بہتر ہے۔

محکمۂ موسمیات نے ملک کے شمالی حصے کے لیے موسم کی ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج رات سے ملک کے شمالی حصوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال کے شمال اور ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ بن چکا ہے، بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں آج پاکستان میں داخل ہوں گی۔

جمعرات سے جمعے تک ان مون سون ہواؤں میں شدت کا امکان ہے، جس کے باعث لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش جبکہ خیبر پختون خوا میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ جمعرات تا جمعہ مقامی دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، لاہور، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ تیز بارشوں سے ہزارہ، مالا کنڈ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

تازہ ترین