• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


جاپان میں پاکستان کے خوش ذائقہ آموں کو متعارف کرانے کے لیے سفارتی سطح پر اہم کوشش کے طور پر گزشتہ روز سفارتخانہ پاکستان میں سفیر پاکستان کی جانب سے خصوصی مینگو پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سفارتخانہ پاکستان میں سفیر پاکستان امتیاز احمد کی جانب سے خصوصی مینگو پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں جاپان کی اہم حکومتی شخصیات سمیت اہم سفارتی، تجارتی اور سیاسی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی۔

پاکستانی آم جاپان میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور ہر گزرتے سال کے ساتھ پاکستانی آموں کی جاپان برآمد میں اضافہ ہورہا ہے، اس موقع پر پاکستانی آموں کی پندرہ سے زیادہ اقسام اور آم سے تیار ڈشز مہمانوں کے لیے پیش کی گئی تھیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ پاکستان اُن خوش نصیب ممالک میں شامل ہوتا ہے جہاں دنیا کے بہترین اور خوش ذائقہ آم پیدا ہوتے ہیں۔

پاکستان دنیا میں آموں کی پیداوار میں پانچویں نمبر پر ہے یہاں ہر سال بیس لاکھ ٹن آم پیدا ہوتا ہے جبکہ پاکستان ہر سال ایک لاکھ ٹن آم برآمد کرکے سالانہ سو ملین ڈالر کا ذر مبادلہ بھی حاصل کرتا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ حکومتی کوششوں کے بعد اب جاپان میں پاکستانی آم کی برآمدات شروع ہوچکی ہیں توقع ہے کہ عنقریب پاکستانی آم جاپان میں سب سے زیادہ درآمد کیا جانے والا پھل بن جائے گا، سفیر پاکستان نے پاکستانی برآمد کنندگان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بہترین معیار سے جاپان کے لیے پاکستانی آموں کی برآمدات میں اضافے کے لیے کام کریں۔

تقریب میں بڑی تعداد میں اہم جاپانی شخصیات موجود تھیں جنہوں نے پاکستانی آم شوق سے نوش فرمائے اور ان کے ذائقے کی دل کھول کر تعریف کی۔

واضح رہےکہ جاپان میں اگلے ہفتے سے ٹوکیو میں پاکستان بازار کے نام سے فیسٹول کا آغاز ہونے جارہا ہے جہاں توقع ہے کہ لاکھوں جاپانی پاکستانی ایونٹ میں شرکت کریں گے جہاں پاکستانی خوش ذائقہ کھانوں، آموں سے لطف اندوز ہوں گے اور پاکستانی ثقافت سے آگاہی حاصل کرسکیں گے۔

تازہ ترین