چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کو تحویل میں لئے جانے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت مذمت کی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ ٹی وی پر آیا کہ مریم نواز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی ایوان سے واک آوٹ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک اپوزيشن لیڈر کو ، ایک خاتون کو اس حکومت نے گرفتار کیا ہے، میرا خاندان نسلوں سے اس ملک میں سیاست کررہا ہے، ہم نے سب کچھ دیکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ عمران خان جو انصاف کی بات کرتا تھا ، بغیر کسی جرم کے مریم نواز کو گرفتار کیا۔
اس کے بعد بلاول بھٹو قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئے۔
مریم نواز کے تحویل میں لیے جانے پر ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگائے گئے۔ ن لیگی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا،ارکان نے شورشرابا کیا جس کے بعدایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہےمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کو نیب کی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل آمد پر اپنی تحویل میں لے لیا۔
مریم نواز آج صبح اپنے والد سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل گئی تھیں۔
نیب نے مریم نواز کو چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں آج طلب کر رکھا تھا۔