• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ہم صورت گر کچھ خوابوں کے......!! فن کی لگن سچی ہو تو خوابوں کی تصویر میں حقیقت کے رنگ آسانی سے بھرے جاتے ہیں۔ ایسی ہی کچھ کہانی روپ نگر کی نئی شہزادی، اُبھرتی ہوئی اداکارہ فرحین اقبال کی ہے۔

اداکارہ فرحین اقبال نے بالی عمر میں دو خواب دیکھے تھے، پہلا وہ قومی ائیر لائنز میں فضائی میزبان بن کر دنیا کے مختلف ممالک کی سیر کرنا چاہتی تھیں اور دوسرا شو بزنس کے آسمان پر ستارے کے مانند چمک کر ہزاروں دلوں پر راج کرنا چاہتی تھیں۔

فرحین اقبال نے ان دونوں خوابوں کو حقیقت کا روپ دیا، پہلے وہ قومی ائیر لائنز میں فضائی میزبان بنیں اور بعد میں فن کی دُنیا میں قسمت آزمانے آئیں۔

فرحین اقبال نے جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے شو بزنس میں کام کرتے ہوئے دو چار برس ہوئے ہیں۔ اس دوران مجھے ٹی وی انڈسٹری کے منجھے ہوئے فن کاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ سینئر اداکار قوی خان، بشریٰ انصاری نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔

اداکار نعمان مسعود کے ساتھ ٹیلی ویژن پر میری جوڑی پسند کی گئی۔ میرے مقبول ڈراموں میں ’میں ہار نہیں مانوں گی، سنجیدہ عشق، مریم، گھڑی دو گھڑی، بیچارے کنوارے، اور ٹیلی فلم رات ریت اور رِیت‘ شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ میرا زیادہ وقت کراچی اور دبئی میں ففٹی ففٹی گزرتا ہے۔ دبئی میں بالی ووڈ ستاروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، پچھلے دِنوں بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور دیپکا پڈوکون سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے ہمارے ٹی وی ڈراموں کی بہت تعریف کی۔ پاکستانی ڈرامے اور میوزک کو بالی ووڈ اسٹارز بہت پسند کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فرحین اقبال نے بتایا کہ اگر مجھے کسی ڈائریکٹر نے سڑکوں پر گاڑیوں کا شیشہ صاف کرنے والی لڑکی کا کردار دیا تو اس میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے جان لڑادوں گی۔ مجھے چیلنجنگ کردار نبھانا اچھا لگتا ہے۔

شہرت اور مقبولیت سر پر سوار نہیں کرتی، میں اپنی مٹی کی خوشبو اور رشتوں سے جڑی رہنا چاہتی ہوں۔

تازہ ترین