کراچی لاہور موٹروے کا ایک بڑا اور اہم سیکشن سکھر، ملتان موٹروے مکمل ہوگیا، جس کے بعد 6 گھنٹے کا سفر ساڑھے 3 گھنٹوں میں سمٹ جائے گا۔
چین کے تعاون سے 392 کلو میٹر کا ٹریک تعمیر کرلیا گیا ہے، 2 ارب 89 کروڑ ڈالر کا منصوبہ مقررہ مدت سے 13 دن قبل مکمل کیا گیا ہے۔
چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کا تعمیر کردہ جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کو ملانے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
ہر 65 کلو میٹر کے فاصلے پر سروس ایریاز بنائے گئے ہیں، تاہم این ایچ اے کی جانب سے یہ ابھی فعال نہیں ہوئے اور نہ ہی فیول اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
سکھر، ملتان موٹر وے پر حدِ رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، جس سے 392 کلو میٹر کا سفر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل ہوسکے گا، ایم فائیو موٹر وے پر جدید ترین کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے۔
اس منصوبے کی تعمیر میں 97 فیصد پاکستانی اور 3 فیصد چینی افرادی قوت نے حصہ لیا، چینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹر لی جیان ژاؤ نے میڈیا کے ہمراہ منصوبے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔
ایم فائیو موٹروے منصوبہ ملتان سے شروع ہو کر شجاع آباد، جلال پور پیروالہ، اُوچ شریف، احمد پور شرقیہ اور لیاقت پور کے قریب سے ہوتا ہوا سندھ میں اوباڑو ، گھوٹکی، پنو عاقل اور سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
ملتان سکھر موٹروے جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کے پسماندہ علاقوں کو بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ان علاقوں کے کسانوں کی زرعی منڈیوں تک رسائی بھی آسان بنائے گا۔