اسلام آباد(ایجنسیاں)قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اوران کے بھتیجے یوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرلیا ‘مریم کو اپنے والد میاں نوازشریف سے ملاقات کے موقع پر کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے حراست میں لیاگیا‘مسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز کی گرفتار ی پرقومی اسمبلی میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا جبکہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے احتجاجاً ایوان سے واک آئوٹ کیا ‘ایوان میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی بات کرنے والے عمران خان آمر بن گئے ہیں‘لڑناہے تومردوں سے لڑو۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قومی احتساب بیورو نے مریم نوازیوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرلیا ہے‘ چیئرمین نیب کے حکم پر ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا طبی معائنہ کریگی جہاں ان کو آج جمعرات کو احتساب عدالت لاہور میں ریمانڈ کیلئے قانون کے مطابق پیش کیا جائے گا۔مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر کو چوہدری شوگر ملز کیس میں طلب کیا گیا تھا جس میں عدم حاضری کی بناءپرانہیں حراست میں لیا گیا‘مریم نواز جمعرات کی صبح اپنے والد نوازشریف کو ملنے کیلئے کوٹ لکھپت جیل گئی تھیں، جیسے ہی وہ ملاقات کر کے جیل سے باہر نکلیں انھیں نیب کی ٹیم نے حراست میں لے لیا‘این این آئی کے مطابق مریم نواز کے استعمال کاسامان نیب ہیڈ کوارٹر پہنچا دیاگیا ‘ بتایاگیا ہے کہ مریم نواز کی خصوصی سیکرٹری میٹرس، تکیے ،کپڑے ، کھانے پینے کی چیزوں سمیت دیگر ضروری استعمال کی اشیاء لے کر نیب ہیڈ کواٹر آئیں جسے نیب اہلکاروں نے وصول کر کے مریم نواز کے حوالے کردیا ۔آئی این پی کے مطابق نیب نے مریم نواز کیلئے نیب آفس میں قائم ڈے کیئر سنٹر کو سب جیل قرار دیتے ہوئے ویمن پولیس پنجاب کو طلب کر لیا۔علاوہ ازیں مریم نواز کی گرفتار ی پرقومی اسمبلی میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا جبکہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے احتجاجاً ایوان سے واک آئوٹ کیا ۔مسلم لیگ (ن)کے ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کیا اور چاروں صوبوں کی آواز مریم نواز مریم نواز،کشمیر کا سوداگر نا منظور،لاٹھی گولی کی سرکار نامنظور،کشمیر بیچنے والا نامنظور کے نعرے لگائے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کی خواتین کو گرفتار کرتے ہیں‘لڑنا ہے تو مردوں سے لڑو،آمر ضیا ء وہ واحد شخص تھا جو سیاسی مخالفین کی عورتوں کے پیچھے پڑجاتا تھا، نئے آمرانہ پاکستان میں ہم یہ پھر دیکھ رہے ہیں‘میرا خاندان اس ملک میں نسلوں سے سیاست کررہا ہے، ہم نے اس ملک میں سب کچھ دیکھا‘نیا پاکستان میں آپ نے بغیر کسی عدالتی سزا کے مریم نواز صاحبہ کو گرفتار کیا ہے اس بات پر میں احتجاجاً واک آئوٹ کرتا ہوں۔