کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر کشمیر میں بھارتی مظالم اور خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف جمعہ کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، شکار پور، ٹھٹھہ۔ جھڈو، میرپورخاص سمیت متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، جلسہ جلوس نکالے گئے جبکہ علماءکرام نے اپنے خطبہ جمعہ میں بھارتی بربریت کی مذمت کی جبکہ منظور شدہ قراردادوں میں کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے جنت نظیر وادی کشمیر میں 9 لاکھ فوج کے ذریعے ظلم و بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ کر وادی کو جہنم بنادیا ہے، ان تمام مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام سے جذبہ حریت اور شوق شہادت و جذبہ جہاد ختم نہیں کر سکتا ہے، حالیہ اقدامات بھارت کی بوکھلاہٹ کی کھلی نشاندہی کرتے ہیں اقوام متحدہ سمیت عالمی ضمیر کو بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس اور حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کیا جائے،ایک طرف بھارت کے جارحانہ عزائم اور کشمیریوں پر ظلم کی انہتا ہوگئی ہے تو دوسری جانب ہمارے سیاسی رہنماؤں کا آپس میں دست وگریباں ہونا اور گالم گلوچ سے بھارت کو کونسا پیغام دے رہے ہیں،نوازلیگ، پی پی اور پی ٹی آئی نے کشمیری عوام کو مایوس کیا ہے، حکمرانوں اور اپوزیشن کے غیرسنجیدہ رویے سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔دریں اثناءشکارپورمیں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز ،ضلعی امیر عبدالرحمٰن کوریجو، قیم ضلع عبدالفتاح سہندڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر بت پرستوں نے بت شکن غزنوی کے اولاد کو للکارا ہے، حق اور باطل کے اس معرکے میں بت پرستوں کی ناکامی اور بت شکن مجاہدین کی کامیابی یقینی ہے،مودی مذاکرات سے نہیں بلکہ صرف لاتوں سے راہ راست پر آئے گا۔جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے خیرپور میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت نے یہ پیغام دیا ہے کہ امت مسلمہ اسکے نشانے پر ہے، کشمیر میں ہندو انتہاپسندوں کو کھلی چھوٹ دی جارہی ہے کہ وہ کشمیریوں کی مال،جان اور عزتوں کو برباد کرکے انہیں پاکستان کی طرف دھکیل کر کشمیر میں ایک نیا فلسطین بنائیں۔ ٹھٹہ میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد عظیم بلوچ، ضلعی امیر الطاف ملاح، عبدالمجید سموں ودیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ہوا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عظیم بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مرے گا لیکن ہم کشمیر سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے، حکمران مودی کی خوشامد اور الیکشن مہم میں کامیابی کیلئے جو منصوبہ عمل ترتیب دیا وہ مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انکے منہ پر زودار مکا رسید کیا ہے، عمران خان اور انکے حواری اب مودی کی یاری میں کشمیری عوام کے ساتھ غداری کی ہے، جماعت اسلامی پہلے بھی کشمیری عوام کے شانہ بشانہ شہادتیں اور قربانیاں دیں اب بھی ہم ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔سکھر میں پریس کلب پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا کہ سندھ کا پانی کشمیر سے آتا ہے، اگر بھارت مکمل طور پر کشمیرکو ہڑپ کرنے میں کامیاب ہوگیا تو سندھ بنجر ہوجائے گا،بھارت سے سفارتی تعلقات میں کمی کی بجائے مکمل طور پر ختم کئے جائیں،جھڈو میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو جبراً اپنے ساتھ الحاق کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور ضم کرنے کے خلاف جماعت اسلامی زون شمالی کے تحت جیل روڈ ہیرآباد پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔حیدرآبادمیں زون شمالی کے تحت مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالوحید قریشی نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں اگر کشمیری دب گئے تو پاکستان بھی محفوظ نہیں رہ سکے گا۔