• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماریہ احمد

بڑھتی عمر چھپانا چاہتی ہیں، کریں چہرے کے مسلز کی ورزش

ورزش ہر ایک کے لیے بہت اہم ہے لیکن بہت سی خواتین ورزش تو کرتی ہیں، مگر چہرے کے مسلزکو فراموش کر دیتی ہیں ۔بڑھتی عمر کے ساتھ ان مسلز کی ورزش انتہائی اہم ہوتی ہے ۔آپ اپنے چہرے کی تازگی بر قرار رکھنے کے لیے اگر چند منٹ روزانہ درج ذیل ورزش کے لیے وقت نکال لیں تو بڑھتی عمر کے اثرات کافی حد تک ٹھہر جائیںگے ۔اس ہفتے ہم آپ کو چہرے کے مسلز کی ورزش کرنے کے چند آسان اور آزمودہ طریقے بتا رہے ہیں ،انہیں آزمائیں اور عمر کے بڑھتے اثرات ختم کریں ۔

چہرہ

منہ کے اردگرد موجود مسلز کو مضبوط بنانے کے لیے منہ کو ہلکا سا گولائی میں کھول لیں ،پھر جس حد تک منہ کھول سکتی ہیں کھولیں ۔اس عمل کو تین چار بار دہرائیں ۔

آنکھیں

آنکھوں کو ریلیکس رکھنے کے لیے آسان سی ورزش حاضرہے ۔یوں کریں کہ سر کو ساکت کرلیں پھر جس طرح گھڑی کی سوئیاں چلتی ہیں ،ا س طرح آنکھوں کو گھمائیں ۔خیال رہے سربالکل ساکت رہے ۔اب آنکھیں نیچے جھکالیں اور چاروں جانب سے آنکھیں گھمانا شروع کر دیں۔ا س عمل کو بھی تین چار بار دہرائیں ۔

گردن

گردن اور ٹھوڑی کے مسلز کے لیے نچلے دانتوں کو آگے کی طرف کر کے منہ بند کر لیں ۔اب گردن پیچھے کی طرف کرکےکاندھے ڈھیلے چھوڑدیں پھر نچلے ہونٹ کوآگے کی طرف کرتے ہوئے نچلے جبڑے کو بھی اوپر نیچے کرلیں ۔اب چہرہ مکمل طور چھت کی طرف کرلیں، اسی حالت میں اپنے عقب میں موجود فرش کودیکھنے کی کوشش کریں اس ورزش کو تین چار بار دہرائیں ۔

کاندھے

یہ ورزش بستر پر لیٹ کر کرنا کافی آسان ہو گا۔گردن کے عقبی حصے میں ہونے والے درد سے نجات کے لیے کاندھے ڈھلکالیں، سر آگے جھکالیں، بازو اور ہاتھوں کو بھی جس حد تک آرام دہ پوزیشن میں لاسکتی ہیں لے آئیں پھر سر اوپر کی طرف کر لیں کاندھے سیدھے کرلیں ۔سرا ور کاندھوں کو پیچھے کی طرف گرالیں ۔اس ورزش کو دہرائیں ۔سب سے پہلے آرام دہ حالت میں بیٹھ جائیں پھر کاندھے اور گردن کے پٹھوں کو بھی ریلیکسنگ پوزیشن میں لے آئیں پھر بائیں کاندھے کو کان کی سمت میں اوپر کی جانب اُچکائیں ۔اب کاندھے دائرے کی صورت میں حرکت دیں۔ دائرے کی حرکت تبدیل کر کے دوبارہ بڑا سا دائرہ بنالیں ۔اب دائیں کاندھے کے ساتھ بھی یہی کریں،اسے جتنی بار دہرا سکتی ہیں ،دہرائیں ۔

موٹی گردن کے لیے ورزش

کھلی ہوا میں تن کر کھڑی ہوجائیں ۔پائوں بھی قدرتی طور پر تنے رہیں ۔دونوں ہاتھوں کوپیچھے کر کے قریب لے جائیں ۔اب گردن سیدھی کریں اور دھیرے دھیرے گہرا سانس کھینچتے ہوئے سر کو بائیں کاندھے کی طرف موڑیں ۔اس طرف اپنا منہ تب تک رکھیں جب تک آپ ایک سےپانچ تک نہ گن لیں۔اس دوران سانس بند رہے اور دھیرے دھیرے سانس چھوڑتے ہوئے چہرے کو سامنے کی طرف لائیں ۔اسی طرح دھیرے دھیرے دائیں طرف منہ موڑیے اور پھر سامنے لے آئیے ۔اس طرح آگے پیچھے کی طرف بھی کیا جاسکتا ہے ۔یہ ورزش روزانہ دس پندرہ منٹ کرنے سے آپ کی گردن سڈول اور صراحی دار ہوجائے گی ۔

چہرے کی جھریوں کے لیے ورزش

چہرے پر جھریاں پڑنے کی سب سے بڑی وجہ خشک جلد اور غذا میں عدم توازن ہے ۔ ورزش کا طریقہ بتانے سے قبل یہ بتا دیں کہ متوازن غذا جس میں تمام وٹامن، کیلشیم اورپروٹین شامل ہوں، چہرے کی جلد کو تروتازہ رکھتے ہیں۔دوسری بڑی وجہ جس کا عموماً خواتین خیال نہیں رکھتیں وہ ہے پانی کا کم استعمال ۔ پانی زیادہ سے زیادہ پئیں ،اس سے جلد چمکدار اور خوبصورت ہو گی۔چہرے پر موسچرائزر کا استعمال باقاعدگی سے کریں ۔عرق گلاب میں چند قطرے گلیسرین یاشہد بہترین مو سچرائرز ہے ۔

ایک چائے کا چمچہ لیموں کے عرق میں چند قطرے شہد ملا کر چہرے پر لگانے سے جھریاں دور ہوجاتی ہیں ۔ذیل میں چند ورزشیں بتا رہے ہیں ۔ورزش کرنے سے پہلے دودھ ،کریم یا موسچرائرز ضرور لگائیں ۔

٭…اپنا جبڑا دائیں ،بائیں گھمائیں جہاں تک ممکن ہو اسے حرکت دے کر دور لے جائیں ۔یہ ورزش لٹکی ہوئی ٹھوڑی کے لیے بہترین ہے ۔

٭…اپنے ہونٹوں کو اندر سکیڑ کر منہ کو خوب کھولیے ۔ہونٹوں کو دانتوں کی طرف کھینچے ۔اس انداز میں رہتے ہوئے اپنا منہ کھولتی اور بند کرتی رہیں ۔ایسے جیسےگویا آپ بغیر دانتوں کے چبار ہی ہوں ۔اس سے بالائی ہونٹ کی لکیریں سمٹتی جائیں گی۔

٭…آنکھیں خوب ذور سے بند کرکے منہ سکوڑیئے ۔ایک لمحے کے بعد بھنوئوں کو حرکت دیں پھرآنکھیں جتنا ممکن ہو پوری طرح کھول دیجئے ۔ا س ورزش سے آنکھوں اور اطراف کے عضلات مستحکم ہوتے ہیں اور آنکھوں کے کونوں کی جھریاں آہستہ آہستہ ختم ہوجاتی ہیں ۔

٭…دونوں ہاتھ چہرے پر رکھیں ۔ہاتھوں کوحرکت دیے بغیر انگلیوں سے آنکھوں کے نیچے کے عضلات کو کھینچیں اور پھر ڈھیلا چھوڑ دیں ۔اپنے انگوٹھوں کو آنکھوں کے نیچے یعنی گال کی ہڈی پر ہلکے دبائو کے ساتھ گھمائیں ۔ا س سے آنکھوں کے اطراف دوران خون میں اضافہ ہوگا ۔

٭…ایک یاتمام انگلیاں چہرے پر دبائو کے ساتھ پھیریے۔ جب بھی چہرے پردکھن محسوس ہویہ عمل دہرائیے ۔

٭…ہونٹ سکیڑ کر جتنا ممکن ہو مچھلی کا سامنہ بنا کر زبان باہر نکالیں ۔ا س کے ساتھ آنکھیں زور سے بند کرلیں اور اپنے گال اندر کی طرف کھینچ لیں ۔اس ورزش سے پورے منہ کے عضلات تن جائیں گے۔ ان ورزشوں سے چہرے کی جھریاں دور ہوجائیں گی ۔وہ خواتین جن کے چہرے پر زیادہ عمر کی وجہ سے جھریاں پڑ گئی ہیں ان ورزشوں پر عمل کر کے کم عمر نظر آسکتی ہیں ۔ 

تازہ ترین