• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق کرکٹرز نے پی سی بی چیئرمین کوغلط مشورے دیئے، محسن خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق ٹیسٹ اوپنر اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ جواری کرکٹرز نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی کوغلط مشورے دیئے۔چیئرمین کے گرد موجود کرکٹرز نےمیرے خلاف مہم چلائی۔محسن خان نے براہ راست کسی سابق کھلاڑی کا نام لینے سے گریز کیا۔وہ ہفتے کو کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میرا فرض ہے کہ پاکستان کرکٹ کی عزت کو ٹھیس نہ پہنچاوں کچھ کرکٹرز نے پاکستان کی عزت کو داغ دار کیا ہے۔بہت سارے کرکٹرز نے کرکٹ کو خراب کیا ہے۔میں کرکٹر بنا تو عزت سے کھیلی اور عزت سے سلیکٹربنا۔جب کوچ بنا تو ڈسپلن کو اولین ترجیح دی۔میں اس وقت پی سی بی کا ملازم نہیں ہوں ماضی میں مجھے پی سی بی کی جانب سے کام کرنے کی کئی پیشکشیں ہوئی تھیں لیکن میرا اصول ہےکہ میں کرپٹ لوگوں کے ساتھ کام نہیں کروں گا۔سابق کوچ اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ اگر پی سی بی نے پیشکش کی تو ایمانداری سے کام کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلے ورلڈ کپ کی نہیں اگلی سیریز کی تیاری کرنا ہے۔ورلڈ کپ کو ہدف بناکر بے وقوف نہیں بنایا جائے۔چار چار سال کے کنٹریکٹ دینا مناسب نہیں ہے۔ہر سال کی کارکردگی دیکھ کر کوچ کو نیا کنٹریکٹ دیا جائے۔میرا پراناسلوگن ہے کہ پاکستان سے مت کھیلو پاکستان کے لئے کھیلو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ،کوچنگ کے لئے پی سی بی باہر کیوں دیکھ رہا ہے۔سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں پر توجہ دیں۔پی سی بی میں جو آتا ہے آئین تبدیل کردیتا ہے۔پی سی بی آئین میں تبدیلی ناگزیر تھی تو پہلے جنرل کونسل سے منظوری لی جاتی۔پی سی بی حکام نے بغیر مشاورت کے آئین تبدیل کرکے آئین کی دھجیاں اڑادیں۔نئے سسٹم میں صرف ڈپارٹمنٹل کرکٹرز کو موقع ملے گا۔نظام تبدیل ہوگیا لیکن اس پر عمل درآمد سب سے اہم مسئلہ ہوگا۔

تازہ ترین