لندن (رپورٹ: وسیم عباسی) سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کی لندن آمد کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ان کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے لندن میں مقامی رہنمائوں کے مطابق ایجویر روڈ پر ان کی رہائش گاہ کو قیام کے لئے تیار کر لیا گیا ہے۔ پرویز مشرف طبی بنیادوں پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے اپنا نام نکالے جانے کے بعد گزشتہ دنوں وہ ملک چھوڑ کر دبئی چلے گئے تھے جہاں ان کے ڈاکٹر نے انہیں لندن میں علاج کرانے کا مشورہ دیا ہے۔ وہ ہفتہ بھر میں لندن پہنچ جائیں گے۔ اے پی ایم ایل کے سیکریٹری اطلاعات محمد علی چوہان نے بتایا کہ دبئی میں ڈاکٹر امتیاز نے پرویز مشرف کاطبی معائنہ کیا، جہاں وہ چند دن آرام کے بعد لندن کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ سابق آمر کا لندن کےمتمول علاقے میں لگژری اپارٹمنٹ ہے اور علاقہ کباب کی دکا نو ں ، عرب اور پاکستانی ہوٹلوں کے لئے مشہور اورجہاں وکٹوریہ کیسنو بھی واقع ہے۔