• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف فن لینڈ میں احتجاج

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون اور فن لینڈ شاخ  کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 اے کی منسوخی اور بھارتی ظلم و بربریت، سیز فائر لائن پر گولہ باری ، چیرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ  محمد یسین ملک کی غیر قانونی گرفتاری اور دیگر قائدین و نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف فن لینڈ کے صدر مقام ھیلسنکی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرے کی قیادت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویراحمد چوہدری ، اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری حافظ مظہر اقبال نعیمی،زونل ورکنگ کمیٹی کے ممبر ملک ندیم بٹ اور فن لینڈ برانچ کے صدر شہزاد شبیر کر رہے تھے۔

مظاہرے میں زونل صدر ،لبریشن فرنٹ و اسٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے قائدین و کارکنان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین مختلف نعرے لگا رھے تھے، اس موقع پر تنویر احمد چوہدری نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے، انھوں نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کا کردار ادا کریں اور کشمیرسے غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کا انخلاء کیا جائے اور کشمیر کو اقوام متحدہ کی امن فوج کے حوالے کیا جائے ۔

حافظ مظہر اقبال نعیمی نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے اس وقت تک استعماری قوتوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

اس موقع پر، انصر رحیم چوہدری،شمشیر علی، شیخ طاہر علی، مصطفے خان کشمیری،محمد اعجاز قادری ،محمد حمزہ بٹ،  چوھدری طاہر علی، سیف علی ناگرہ،حاجی مسعود عالم اور ڈاکٹر ندیم اصغر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ھم دفعہ 370 اور 35 اے کے خاتمے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو بندوق کی نوک پر غصب کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ھیں اور بھارت پر واضح کرتے ھیں کہ وہ آگ سے کھیلنا بند کرے۔

تازہ ترین