بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ اور امریکی گلوکار و اداکار نک جوناس کی اہلیہ پریانکا چوپڑا کو لاس اینجلس میں منعقدہ ایک بیوٹی ایونٹ میں اس وقت سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب انھیں ایک ناراض پاکستانی فین نے منافق اور ریاکار قراردیا۔
ایسا اس وقت ہوا جب بیوٹی کوئن پینل ٹاک کے دوران پاکستانی فین نے انھیں اس سال فروری میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ کی حمایت کرنے پر مبنی ٹوئٹس پر آڑے ہاتھوں لیا۔
پاکستانی نژاد خاتون عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ یونیسف کی خیرسگالی کی سفیرکی جانب سے ایسا اقدام باعث حیرت ہے، انہوں نے کہا کہ آپ امن کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی خیرسگالی سفیر ہیں لیکن آپ نے ایٹمی لڑائی کو ترجیح دی جس میں کسی کی جیت نہیں۔
ایونٹ کے دوران اداکارہ سے سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں عائشہ ملک نے کہا کہ' آپ کی پڑوسی ہونے کی وجہ سے مجھے معلوم ہے کہ آپ تھوڑی منافق ہیں'۔
عائشہ ملک نے کہا کہ 'میری طرح کروڑوں پاکستانیوں نے آپ کو اور آپ کے بالی ووڈ بزنس کو سپورٹ کیا ہے اور آپ انہی کے لیے ایٹمی جنگ چاہتی ہیں۔'