• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثقلین،رزاق، اعجاز کی انڈر19کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے پاکستانی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سابق کپتان یونس خان اور مصباح الحق کی جانب سے انکار کے بعد ماضی کے عظیم لیگ اسپنر ثقلین مشتاق، آل رائونڈر عبدالرزاق، سابق ٹیسٹ کرکٹرز اعجاز احمد، شاہد نذیر اور عتیق الزماں کوچ بننا چاہتے ہیں۔ امیدواروں کے انٹرویو 19 اگست کو ہوں گے ۔ ثقلین مشتاق اور عتیق الزمان کا ویڈیولنک پر انٹرویو ہوگا۔ دونوں انگلینڈ میں ہیں۔ پی سی بی نےانٹرویوز کے لیے پی سی بی نے دورکنی کمیٹی قائم کر رکھی ہے جس میں کمیٹی ایم ڈی وسیم خان اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثرنذر شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق ، اعجاز احمد اور ثقلین مشتاق ہیڈ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہیڈ کوچ بننے کے لئے درخواست دی ہے جبکہ وہ پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ کے لئے بھی درخواست دیں گے۔ عبدالرزاق پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ بھی ہیں۔ ثقلین مشتاق انگلینڈ ٹیم کے ساتھ اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں بنھا رہے ہیں۔ ماضی میں سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر بھی کام کرچکے ہیں۔ 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن اعجاز احمد نے بھی درخواست دی ہے۔ اعجاز احمد اس سے قبل پاکستان جونیئر ٹیم کے کوچ اور پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کے سابق کوچ عتیق لنکا شائر کائونٹی کی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ وہ لاہور قلندرز کے لئے بھی کام کر چکے ہیں۔ شارٹ لسٹ کردہ امیدواروں میں شامل اعظم خان کئی سالوں سے پاکستان جونیئر اور خواتین کرکٹ ٹیم سے منسلک ہیں۔
تازہ ترین