• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، گھریلو تنازع پر مقامی صحافی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا

پشاور(نمائندہ جنگ) تھانہ خان رازق شہید کی حدود محلہ جنگی میں گھریلو تنازعہ پر مقامی صحافی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا،ایک ملزم مقتول کا ہم زلف گرفتار، دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور مقتول کے سالوں سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی کے دوران ایک ملزم (مقتول کے ہم زلف) کو گرفتار کرلیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ عیدالاضحی کے دوسرے روز رات گئے مقامی اخبار کا کرائم رپورٹر طاہر حسین ولد الطاف حسین سکنہ محلہ سادوان جہانگیر پورہ اپنے گھر کے سامنے موجود تھا کہ طاہر حسین کے رشتہ داروں ملزمان عبد الروف ولد مناف، ابراہیم عرف خانے اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ آ کر اُس پر فائرنگ کی جس سے طاہر حسین موقع پر جاں بحق ہو گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیااور فائر کی گئی گولیوں کے خول برآمد کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے موقع پر ڈی ایس پی سٹی گوہر خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی جس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اُن کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا اور رات ڈھائی بجے کے قریب طاہر حسین کے قتل میں نامزد ملزم عبدالروف ولد مناف کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران طاہر حسین کو مستورات تنازعہ پر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا جسے مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین