• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

دنیا کے سب سے بڑے سنگل ٹرمینل چینی ائرپورٹ کے افتتاح کی تیاریاں شروع


اسلام آباد (حنیف خالد) دنیا کے سب سے بڑے سنگل ٹرمینل انٹرنیشنل ائرپورٹ کا افتتاح آئندہ ماہ ہو گا۔ افتتاحی تقریب کی تیاریاں عوامی جمہوریہ چین میں شروع کر دی گئی ہیں جس میں دنیا بھر کے ملکوں کے وفود مدعو کئے جائیں گے۔ اس ائرپورٹ کا نام نیوبیجنگ ڈاکسنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ ہو گا۔ پوری استعداد حاصل کرنے پر نیو بیجنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سالانہ 10کروڑ مسافر آیا جایا کرینگے۔ 14لاکھ مربع میٹر رقبے پر محیط یہ نیا انٹرنیشنل ائرپورٹ پانچ سال کی قلیل مدت میں 64کلومیٹر بیجنگ کے جنوب میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ ملکی و غیرملکی پروازوں کیلئے اسے 30ستمبر تک کھول دیا جائیگا۔ پراجیکٹ منیجر لی جیان ہوا کے مطابق نیو بیجنگ ڈاکسنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر پر کل لاگت 60ارب ڈالر آئی ہے۔ اس نئے انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بیجنگ کے موجودہ کیپٹل انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مسافروں کا دبائو کم ہو جائیگا اور کیپٹل انٹرنیشنل ائرپورٹ سے ملکی و غیرملکی پروازوں میں تاخیر کا عنصر ختم کر دیا جائیگا۔ اس طرح بیجنگ دنیا کی سب سے بڑی سول ایوی ایشن مارکیٹ جون 2020ء تک بن جائیگی۔ نئے ائرپورٹ پر 7کروڑ بیس لاکھ مسافر سالانہ آیا جایا کرینگے۔ 2025ء تک سالانہ پروازوں کی تعداد ہر سال 6لاکھ 20ہزار تک ہوگی جبکہ 2040ء تک اس نئے ائرپورٹ پر 10کروڑ مسافر سالانہ آیا جایا کرینگے۔اس طرح نیو بیجنگ ڈاکسنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ دنیا کا مصروف ترین ائرپورٹ بن جائیگا۔ امریکا کا اٹلانٹا ائرپورٹ مسافروں کے اعتبار سے آج سب سے بڑا ہے مگر 2040ء میں ڈاکسنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ اس سے آگے نکل جائیگا۔ ڈاکسنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ دنیا کی سب سے بڑی ٹرمینل بلڈنگ ہو گی۔ اس میں ڈبل ڈیک ڈیپارچر اور ڈبل ڈیک ارائیول پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔ یہ بات بیجنگ ڈاکسنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر ڈائے ہینگ ھونگ نے بتائی۔ ایک ذریعے کے مطابق دنیا کے سنگل ٹرمینل سب سے بڑے نیو بیجنگ ڈاکسنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بیک وقت 79طیارے مسافر اتار اور چڑھایا کرینگے جبکہ اسکے بیک وقت چار کنکریٹ کے رن وے بنائے گئے ہیں اور آئندہ سالوں میں تین اور کنکریٹ کے رن وے مکمل کر لئے جائینگے۔

تازہ ترین