• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم آزادی پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں پرچم کشائی کی تقریب

برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) پاکستان کے 73ویں یوم آزادی کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میںبلجیم میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر قائم مقام سفیر کی خدمات انجام دینے والے نعمان بشیر بھٹی نے قومی ترانے کی دھن پر پر چم لہرانے کا فریضہ سر انجام دیا ۔ مظہر اقبال کی تلاوت اور ایچ او سی گیان چند کی نظامت کے ساتھ شروع ہونے والی تقریب میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔نعمان بھٹی نے صدرپاکستان اور پریس منسٹر سیدہ سلطانہ رضوی نے وزیر اعظم کا پیغام پڑھا ۔ ان پیغامات میں اپنے یوم آزادی کو یوم تشکر اور اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا پیغام دیا گیا تھا ۔ کمیونٹی ممبر روبینہ کوثر نے انگریزی نظم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی عکاسی کی جب کہ چھوٹی بچی ماہم سہیل نے بھی جذباتی انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ پرچم کشائی کی تقریب میں رانا جاوید کوثر کی قیادت میںقافلے نے شرکت کی ۔ اس موقع پر جشن آزادی کی مناسبت سے ہونے مقابلوں میں شریک بچوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے ۔ شرکائے تقریب میں سابق اولمپیئن رانا آصف ، حاجی وسیم اختر ، علی رضا سید ، خالد محمود ، چوہدری نصیر ، پر ویز ملک، شکیل گوہر ، حبیب بینک سے ظفر اقبال ، مہر علی صفدر اور دیگر سیاسی، سماجی رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
تازہ ترین