• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


بھارتی جھنڈا لہرانے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد ثانیہ مرزا تنقید کی زد میں آگئیں۔

سابق قومی کپتان شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی جھنڈا لہرانے کی تصویر شیئر کی، جس کے بعد ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ثانیہ مرزا نے بھارتی جھنڈا لہرانے کی تصویر کے ساتھ ہی بھارتی یومِ آزادی کی مبارک باد بھی دی، جس پر ان کے فالورز نے نہ آئو دیکھا نہ تائو، ان پر تنقید کرنے لگے۔

تمام اہلیانِ پاکستان اور سوشل میڈیا صارفین نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے 15 اگست یعنی بھارتی یوم آزادی کے دن کو یومِ سیاہ قرار دیا تھا اور یومِ سیاہ کے موقع پر ثانیہ مرزا کی جانب سے اس قسم کی پوسٹنگ سے ان کے مداحوں میں شدید غصے کی لہر دوڑ گئی، مداحوں نے اپنے غصے کا اظہار مختلف ٹوئٹس کے ذریعے کیا۔

زارا اکرام نامی ٹوئٹر صارف نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے ثانیہ مرزا سے کہا کہ انسانیت کی خاطر تو’ یومِ سیاہ‘ منا لیں۔

فرح ناز نامی صارف نے ثانیہ مرزا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’بھابھی پلیز پاکستانی ہوجائیں‘، فرح ناز نے اپنے ٹوئٹ میں ’فری کشمیر‘ اور ’بلیک ڈے‘ کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے۔

اس کے علاوہ کچھ ٹوئٹر صارفین نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کشمیر بنے گا پاکستان۔‘

واضح رہے کہ رواں ماہ 5 اگست کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والا آرٹیکل 370 ختم کیا تھا، جس کی وجہ سے اہلیانِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے 15 اگست کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین