• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں کانگو کی مریضہ جاں بحق، کراچی میں 1شخص متاثر


بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کانگو کی مریضہ خاتون دورانِ علاج چل بسی اِدھر کراچی میں کانگو کا ایک اور مریض سامنے آگیا۔

فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ کے مطابق خاتون مریضہ بی بی نورہ کو دو روز قبل سریاب کے علاقے سے کانگو وائرس کے شبہے میں لایا گیا تھا۔

مریضہ کے مطلوبہ ٹیسٹ متعلقہ لیبارٹری بھجوائے گئے تھے، اس کی حالت تشویشناک تھی، وہ دورانِ علاج انتقال کر گئی۔

ان خاتون کے انتقال کے بعد رواں سال کانگو وائرس کے شبہے میں کوئٹہ میں انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 12 مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور وائرس سے تمام متاثرہ مریضوں کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

ادھر کراچی میں کانگو کا ایک اور مریض سامنے آ گیا، اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ مریض کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں زیرِعلاج ہے۔

اسپتال ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 25 سالہ احمد کراچی کے علاقے پاپوش نگر کا رہائشی ہے جسے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں رواں سال 7 افراد کانگو کے مرض سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تازہ ترین