• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف اے ٹی ایف شرائط کی تعمیل پاکستان نے رپورٹ جمع کرادی

اسلام آباد (مہتاب حیدر) شرائط پر تعمیل کی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے دو بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کے بعد، پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے دیے گئے 27؍ ایکشن پلانز کے حوالے سے 450؍ صفحات پر مشتمل رپورٹ بمعہ منسلکہ دستاویز جمع کرا دی ہے۔ اس رپورٹ کی اسکروٹنی آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں ہونے والے تنظیم کے بینکاک میں ہونے والے اجلاس میں بالمشافہ کی جائے گی۔ سینئر سرکاری ذرائع نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ رپورٹ رواں ہفتے جمع کرائی گئی ہے جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ایف اے ٹی ایف کے 27؍ ایکشن پلان پر تعمیل کے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے رد عمل رواں ماہ ہی سامنے آ جائے گا جس کا جواب ہم بینکاک میں تنظیم کے 9؍ سے 13؍ ستمبر تک ہونے والے اجلاس سے قبل ہی دیں گے۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا گرے لسٹ میں ہی رکھنے کے متعلق اہم فیصلہ تنظیم کے حتمی اجلاس میں کیا جائے گا جو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوگا۔ جب ان سے دو کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کیے جانے کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے ماضی میں مختلف ملکوں کی مدد کی ہے اور ان کی خدمات کی وجہ سے اسلام آباد کو ایف اے ٹی ایف کے مطلوبہ معیارات کے مطابق جامع رپورٹ مرتب کرنے میں مدد ملی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی صوابدید پر منحصر ہے کہ وہ بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی تیار کردہ رپورٹ کو قبول یا مکمل طور پر مسترد کر سکتی ہے۔ اگر بینکاک میں ہونے والے اجلاس میں یہ طے ہوگیا کہ پاکستان نے ایکشن پلان کے 27؍ میں سے 18؍ پوائنٹس پر تعمیل کی ہے تو پاکستان ایف اے ٹی ایف کی اصطلاحات کے مطابق از خود گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ لیکن ماضی کے تجربات سے معلوم ہوتا ہے ےکہ ایف اے ٹی ایف بھی سیاسی ایجنڈوں کا شکار ہو چکا ہے لہٰذا تکنیکی لحاظ سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی شرائط کی تعمیل نہ کرنے والے حصے میں شمار کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین