• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشوں نے بتا دیا، کراچی میں کتنی کرپشن ہوئی، مصطفیٰ کمال


چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں نے بتا دیا کہ اس شہر میں کتنی کرپشن ہوئی ہے، میرے بعد اب جو حکمران ہیں انہیں یہاں کھڑا ہونا چاہیے، ان پر مقدمہ بننا چاہیے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر میں گندگی و غلاظت سے بیماریاں پھوٹنے لگی ہیں، شہر کی صورتِ حال کے لیے کسی کو ثالثی کا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کراچی میں بارش کے دو اسپیل آئے، جن کے دوران 46 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، عید کے دن بھی شہریوں نے اپنے پیاروں کو قبروں میں اتارا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دو دن کی بارشوں نے انتظامیہ کا پول کھول دیا ہے، آج عید کا چھٹا دن ہے اور  گھروں کے سامنے سے آلائشیں اب تک نہیں اٹھائی جاسکی ہیں، شہر میں گندگی و غلاظت سے بیماریاں پھوٹنے لگی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر جو صورتِ حال ہے وہ سب کے سامنے ہے، کام کے لیے اختیار کے ساتھ کردار کا بھی ہونا ضروری ہے۔

کیس کے حوالے سے کیے جانے والے سوال پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کوئی تنکے کے برابر الزام بھی ثابت نہیں کر سکتا،مجھ پر 30 سال پرانے پلاٹ کی الاٹمنٹ کا الزام لگا یا گیا ہے۔

تازہ ترین