دارالحکومت ریاض میں جشن آزادی کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں تینوں مسلح افواج کے اہلکاروں اور کمیونٹی سمیت غیر ملکی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قائم مقام سفیر پاکستان ڈاکٹر بلال احمد اور کشمیری بھائیوں نے مل کر پرچم کشائی کی اور کمیونٹی ممبران نے پاکستان زندہ آباد ،پاک فوج زندہ آباد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔تقریب میں قائم مقام سفیر پاکستان ڈاکٹر بلال احمد نے جد وجہد آزادی کے رہنماؤں کی قربانیوں کا زکر کرتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے رہنما اصولوں اتحاد ،ایمان اور تنظیم کی پاسداری ہماری کامیابی کی ضامن ہے۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لیے ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔تقریب میں صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائی گئے۔
سعودی شہر جدہ کے پاکستان قونصلیٹ میں یوم آزادی کہ تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتی عملے اور پاکستانیوں نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا اظہارکیا۔ جدہ میں پرچم کشائی قونصل جنرل شہریار اکبر نے کی ۔پرچم کشائی کے بعد سیکڑوں کی تعداد میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے، قونصل خانہ ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام قونصلر شہریاراکبر نے کہا کہ ہم آج یوم آزادی اپنے کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔