سکھر(بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) بالائی علاقوں میں بارشوں اور کوہ سلیمانی سے آنے والا سیلابی ریلہ گڈو بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث سندھ کے تینوں بیراجوں گڈو بیراج، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے گڈو بیراج پر درمیانے اور سکھر بیراج سے نچلے درجے کا سیلابی ریلہ گذر رہا ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سکھر بیراج پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، سیلابی صورتحال کے باعث کچے کے متعدد علاقے زیر آپ آگئے ہیں اور کچے کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہاہے۔ انچارج کنٹرول روم عبدالعزیز سومرو کے مطابق اس وقت گڈو بیراج سے درمیانے اور سکھر بیراج سے نچلے درجے کا سیلابی ریلہ گذر رہاہے۔ اور سکھر بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں میں سکھر بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ کچے کے متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں اور کچے کے مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بھی کچے کے رہائشی افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جارہا ہے۔