لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) لاڑکانہ کی یار محمد کالونی میں ہفتے کی صبح سویرےدو مسلح افراد نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے ایک مکان میں گھس کر سوتے ہوئے افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر ایک خاتون سمیت چار افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ہلاک اور زخمی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہلاک شدگان میں باپ ولی محمدجتوئی،ماں ہاجرہ، ان کے دو بیٹے علی مراد جتوئی، اور ندیم جتوئی موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرے بیٹے عبدالرازاق جتوئی کو شدید زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رشتے کے تنازعے پر پیش آیا ہے اور اس واقعے میں متوفی گھرانے کا سابق داماد بھورل اور اس کا باپ نصیر شامل ہیں۔ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ آخری خبریں آنے تک متوفی خاندان کے ورثا کے نہ پہنچنے کی وجہ سے ولید تھانے میں ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکی تھی تاہم پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔