• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم تنظیموں، فورتھ شیڈول افراد کی سوشل میڈیا سرگرمیاں مانیٹر کرنیکا حکم

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر )سی پی او فیصل رانا نے کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں ایس ایس پی آپریشن سید علی اکبر،ایس یس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل،ایس پی پوٹھو ہار سید علی اور ایس پی راول اکرم خان نیازی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔سی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ کی طرف سے کالعدم قرار دی گئی تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خفیہ طور پر فعال ہونے کے امکانات زیادہ بڑھ جاتے ہیں ،کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی غیر قانونی سرگرمیاں ہی شرانگیزی اور نفرتیں بڑھانے کا باعث بنتی ہیں ۔ سماج دشمن عناصر سوشل میڈیا کو اپنے ناپاک عزائم کے لئے بڑی آسانی سے استعمال کر لیتے ہیں ،سوشل میڈیا پر منفی سرگرمیاں آگ کی طرح معاشرے میں پھیلتی ہیں جس سے معاشرتی امن داؤ پر لگ جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے ،جیسے ہی کسی جانب سے کوئی نفرت آمیز اور شر انگیز لٹریچر یا پوسٹ اپ لوڈ ہو اس شخص کو اور واٹس ایپ گروپ میں اس کے ایڈمن کو بھی فوری گرفتار کر کے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال بنانے کے لئے ان کے اجلاس منعقد کئے جائیں اسی طرح سرکل ،ڈویژن اور پھر ضلع کی سطح پر امن کمیٹیوں کے فوری اجلاس بلائے جائیں امن کمیٹیوں کے مثبت سوچ رکھنے والے ارکان کے ساتھ پولیس افسران قریبی رابطے رکھیں ،سی پی او نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی اگر عام حالات میں واجب ہے تو محرم الحرام میں یہ واجب اور فرض سمجھی جائے ،ہم نے ہر وہ قانونی اقدام اٹھانا ہے جو معاشرتی امن کے لئے ناگزیر ہو گا،سی پی او نے کہا کہ شرانگیزی اور نفرتیں پھیلانے کا ریکارڈ رکھنے والے اگر قابل اصلاح نہیں تو ان عناصر کی نظر بندی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ دریں اثنا ء ایک اور اجلاس میں سی پی او نے کم عمر بچیوں سے زیادتی اور انکی برہنہ ویڈیو بنانے والے گرفتار میاں بیوی کے خلاف جنسی زیادتیوں کے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔ فیصل رانا نے کہا کہ ہم نے مشترکہ طور پر کام کر کے اس گینگ کو قانون کے مطابق سزا دلوانی ہے ۔سی پی او نے کہا کہ کوئی خاندان مقدمات کا مدعی نہیں بننا چاہتا تو پولیس اس کی جگہ مدعی بننے کو تیار ہے متاثرہ خاندان درپردہ ہی سہی شواہد اکٹھے کئے جانے کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کرے کیوں کہ جتنے زیادہ شواہد ہوں گے ملزموں کوعدالت سے اتنی ہی سخت اور عبرتناک سزا ملے گی۔ادھر زیادتی کا شکار ایم ایس سی کی طالبہ اور مقدمہ کی مدعیہ (س) نے اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ سی پی او فیصل رانا سے ملاقات کی ،سی پی او نے متاثرہ لڑکی کو یقین دلایا کہ ہم ملزموں کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا بھی دلوائیں گے ۔
تازہ ترین