• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلین اینڈ گرین مون سون شجرکاری مہم کا آغاز


ملک بھرمیں کلین اینڈ گرین مون سون شجرکاری مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان ، وزیرداخلہ اعجاز شاہ ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورگورنر بلوچستان امان اللہ یسین زئی نے پودے لگائے۔

وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پروگرام کلین گرین پاکستان کے تحت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے مرکزی لان میں پودا لگایا، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، اسپیشل سیکریٹری معظم احمد خان اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران موجود تھے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے ملک کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیرکے نہتے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔

کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بھی شاہراہ کشمیر پر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا، تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسلام آباد اسکاؤٹس کے رضاکاروں نے شرکت کی، افتتاحی تقریب میں 10 ہزار پودے لگائے گئے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں پودا لگایا۔

مہم کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور کابینہ ارکان نے کراچی فریئر ہال میں نیم کے پودے لگائے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر کے کمشنر زکو ہدایت کی کہ پودے لگا کرآلودگی پر قابو پایا جائے، انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ جلد مکمل کرلیں گے۔

گورنربلوچستان امان اللہ یسین زئی نے گورنر ہاؤس کوئٹہ کے احاطے میں چنار کا پودا لگایا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ”پلانٹ فار پاکستان“ کے تحت پودا لگا کر شجرکاری مہم کاافتتاح کیا۔

تازہ ترین