• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی کا مستقبل، فیڈریشن کے بڑے آج سرجوڑ کر بیٹھیں گے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد کھوکھر اور سیکریٹری آصف باجوہ پیر کو لاہور میں قومی ہاکی کے حوالے سے اہم مشاورت کریں گے، فیڈریشن کے بڑے اجلاس میں مستقبل کے حوالے سے اہم منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔قومی سلیکشن کمیٹی میں دو ارکان کلیم اللہ اور ناصر علی کی شمولیت کی منظوری بھی دی جائے گی۔ ہاکی کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ملاقات میں قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں قومی سطح پر نئے ڈومیسٹک ایونٹ قومی جونیئر کپ کے انعقاد پر بھی غور ہوگا۔اطلاعات کے مطابق سابق قومی کپتان فلائنگ ہارس سمیع اللہ کے بھائی اور ماضی کے فارورڈ کلیم اللہ سلیکشن کمیٹی میں شامل ہونے پر رضامند ہوگئے ہیں، ابتداء میں انہوں نے پی ایچ ایف کی آفر پر مثبت جواب نہیں دیا تھا، کم گو اور خاموش طبعیت کے حامل کلیم اللہکو ان کے سابق کپتان چیف سلیکٹر منظور جونیئر رضا مند کرنے میں کامیاب ہوگئے، کلیم اللہ میڈیا سے بھی دور رہتے ہیں۔ وہ پہلی بار کسی فیڈریشن کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی جونیئر ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے لئے پی ایچ ایف نے سابق قومی کپتان گول کیپر محمد عمران سے بھی رابطہ کیا ہے، ذیشان اشرف ہیڈ کو چ کے مضبوط امیدوار ہیں، جبکہ دانش کلیم کو بھی جونیئر کوچنگ اسٹاف میں رکھا جائے گا۔

تازہ ترین