• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہوش حیات کا سکھر میں پانچ اسکولوں کی تعمیر نو کا اعلان


پاکستانی اداکارہ مہوش حیات بین الاقوامی فلاحی تنظیم کی خیر سگالی سفیر مقرر ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ سندھ کے شہر سکھر کے پانچ اسکولوں کی دوبارہ تعمیر کروائیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ مہوش حیات پاکستان میں برطانوی فلاحی تنظیم ’پینی اپیل‘ کی خیر سگالی سفیر مقرر ہو گئیں۔ مہوش حیات نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اُنہیں ’پینی اپیل‘ کی خیر سگالی سفیر مقرر ہونے کی بے حد خوشی ہے۔ ’پینی اپیل‘ ایک بہترین فلاحی تنظیم ہے جو کہ تقریباً 30 ممالک میں کام کررہی ہے۔

مہوش حیات نے بتایا کہ اُنہیں سندھ کے شہر سکھر میں  5 اسکولوں کی تعمیر نو کی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا ہے، ان اسکولوں میں 900 بچے زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بچے’دل کو جھنجھوڑ دینے والی‘ حالت میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

اداکارہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ سندھ میں والدین کی ایک بڑی تعداد اپنی بچیوں (لڑکیوں) کو تعلیم دلوانا چاہتی ہے لیکن اُن کے پاس وسائل نہیں ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ بہت کم لوگ اس بات کو اہمیت دیتے ہیں کہ اچھی تربیت کے لیے تعلیم بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو کم از کم ابتدائی تعلیم ضرور دلوانی چاہیے جس کے بعد اُن کے پاس یہ فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار ہوگا کہ انہیں آگے تعلیم حاصل کرنی چاہیے یا نہیں۔

مہوش حیات نے کہا کہ اُن کی خواہش ہے والدین اپنے بچوں اور خصوصاً بچیوں کو لازمی تعلیم دلوائیں اور انہیں یہ حق دیں کہ وہ اپنے خواب پورے کرسکیں۔

تازہ ترین