• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کی آزادی کی تحریک کو سیاسی طریقے سے لڑا جائیگا، ندیم افضل چن

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کی تیاری ہورہی ہے، اس کیلئے وکلاء کا پینل منتخب بھی کرلیا گیا ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک کو سیاسی طریقے سے لڑا جائے گا، کشمیر کے ایشو پر جو ملک ساتھ دے گا اس کی تہہ دل سے قدر کریں گے، پاکستان کیلئے پہلی ترجیح کشمیر ہے کوئی دوست ملک نہیں ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین مشاہد حسین سید بھی شریک تھے۔نوید قمر نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی پر وزیراعظم عمران خان کا موقف پورے پاکستان کا بیانیہ ہوگا، اس معاملہ میں اقلیتوں کا اعتماد حاصل کرنا مثبت قدم ہے، مودی کو میڈل دینے کا مطلب ہے کہ یو اے ای اس کے تمام اقدامات کی توثیق کررہا ہے۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کا خطرہ نہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا خطرہ ہے، ہندوستان پاکستان سے جنگ کرنے کی جرأت نہیں کرسکتا ،مقبوضہ کشمیر میں متحدہ محاذ بن گیا ہے، ہندوستان میں سترہ بغاوتیں چل رہی ہیں اگلے سال خالصتان کا ریفرنڈم بھی ہورہا ہے، فرانس رافیل طیارو ں کی فروخت کیلئے انڈیا کی حمایت کررہا ہے، پاکستان پوری حکمت عملی چین کے ساتھ مل کر بنائے گا، کشمیریوں کی مسلح جدوجہد بھی جائز ہے ہمیں اسے بھی سپورٹ کرنا چاہئے، ہم پاکستان سے جہادی نہیں بھیج رہے یہ کشمیر کی مقامی جدوجہد ہے۔ ندیم افضل چن نےکہا کہ کابینہ اجلاس میں کشمیر کے معاملہ پر وزیراعظم نے زیادہ بریفنگ دی، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے انڈین جمہوریت ایکسپوز ہوگئی ہے، انڈیا اب گاندھی اور نہرو کا نہیں رہا بلکہ مودی کا انڈیا بن گیا ہے، پہلی دفعہ عالمی میڈیا نے کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا، کشمیر کی آزادی کی تحریک کو سیاسی طریقے سے لڑا جائے گا، کشمیر میں انسانیت کا قتل معراج تک پہنچ چکا ہے، ہمارے کچھ دوست ممالک کے انڈیا سے مفادات ہوسکتے ہیں ،پاکستان کیلئے پہلی ترجیح کشمیر ہے کوئی دوست نہیں ہے۔
تازہ ترین