اسلام آباد(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے معیشت اور کشمیر دونوں خطرے میں ہیں۔ حکومت واضح پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے قوم کو اس دلدل سے نکالے۔کشمیر پر جرا ءت مندانہ موقف اپنائے ،بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور معیشت کی بحالی کے عملی اقدامات کرے جو کہ قوم کو نظر آنے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ معیشت ڈوب چکی ہے۔ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے۔جی ڈی پی کی شرح کم ترین سطح پر ہے۔سی پیک پر کام سست روی کا شکار ہے،جب کہ بیرونی سرمایہ کاری میں بھی مسلسل کمی ہورہی ہے۔حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آگیاہے اور عوام پی ٹی آئی کی طرف سے دلائی گئی امیدوں سے ایک سال ہی میں مکمل مایوس ہوچکے ہیں۔