• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کا ڈنمارک اور ناروے کے وزرائے خارجہ سے رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک اور ناروے کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے ناروے اور ڈنمارک کے وزرائے خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں۔

وزیرخارجہ نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کو کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کےحوالے سے بھارتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک اور ادویات تک میسر نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک پر واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی یکطرفہ اقدامات کے مضمرات ہوں گے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

وزیر خارجہ نے ڈنمارک اور ناروے پر زورد دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کریں۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کو تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہاکہ ہم تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ناروے کی وزیر خارجہ نے شاہ محمود سے گفتگو میں کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام فریقین بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالیں۔

تازہ ترین