• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیز فائر لائن عبور کرنے کیلئے دستخطی مہم، 50ہزار لوگ دستخط کرچکے

کراچی (ٹی وی رپورٹ) لائن آف کنٹرول پر رہنے والے کشمیریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے خوفزدہ نہیں ،علاقہ چھوڑ کر نہیں جائیں گے،آزاد کشمیر حکومت لائن آف کنٹرول توڑنے کا اعلان کرے، آزاد کشمیر کے لوگ مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سے ملنے کیلئے کنٹرول لائن توڑ کر بھی جانے کیلئے تیار ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگ جس کرب میں رہ رہے ہیں ہم اس کا درد محسوس کرتے ہیں، سیزفائر لائن عبور کرنے کیلئے دستخطی مہم میں پچاس ہزار سے زائد لوگ دستخط کرچکے ہیں، بھارتی فوج آزاد کشمیر میں سویلین آبادی کو نشانہ بنارہی ہے تاکہ لوگ یہاں سے چلے جائیں لیکن آبادی کا حوصلہ بہت مضبوط ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ کے لائن آف کنٹرول پر ریکارڈ کیے جانے والے خصوصی نشریے میں کیا۔ میزبان حامد میر پروگرام کے دوران لائن آف کنٹرول پر علاقوں ہجیرہ تیتری نوٹ ،ڈونگا گمبھیر، مدار پور ، سیہڑہ اور درئہ شیرخان کا دورہ کر کے وہاں شہریوں کے تاثرات اور ہندوستانی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کو سامنے لائے۔ پروگرام میں ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے معصوم بچوں کو بھی دکھایا گیا جبکہ ہندوستانی فوج جس طرح جنگی جنون میں آزاد کشمیر کے معصوم بچوں، شہریوں، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کو نشانہ بنارہی ہے اسے عالمی برادری کے سامنے لایا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ہجیرہ سید ممتاز کاظمی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ اپریل کے بعد سے فعال نہیں ہے، ہمارے 43لوگ مقبوضہ کشمیر میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ وہاں کے چار افراد یہاں موجود ہیں، انڈیا کی مرضی کے بغیریہاں سے کراسنگ ممکن نہیں ہے، بھارتی شیلنگ اور گولہ باری سے ایک ماہ میں 7افراد شہید اور 16زخمی ہوئے ہیں، جس طرف جائیں مکان تباہ حالت میں ملیں گے، انٹرکالج اور بیسک ہیلتھ یونٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، دو دن قبل شادی کی تقریب میں مارٹر گولہ مارا گیا جس سے دو لوگ شہید ہوئے،بھارت سویلین آبادی کو نشانہ بنارہا ہے تاکہ لوگ یہاں سے چلے جائیں لیکن آبادی کا حوصلہ بہت مضبوط ہے، آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے ہر شہید کے ورثاء کو ایک ملین روپے کا امدادی چیک دیا جاتا ہے۔حامد میر نے ایل او سی پر ہجیرہ کے علاقے تیتری نوٹ کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج اس علاقے میں سویلین آبادی کو نشانہ بناتی ہے، پانچ اگست سے اب تک بھارتی جارحیت سے یہاں سات افراد شہید ہوچکے ہیں ،تیتری نوٹ کے علاقے میں بھارتی فوج کی شیلنگ اور گولہ باری سے تباہ ہونے والے گھر بھی دکھائے گئے، تیتری نوٹ کے رہائشیوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی آئے روز فائرنگ اور گولہ باری سے ہمارا جانی و مالی نقصان ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود ہم خوفزدہ نہیں ہیں اور نہ ہی علاقہ چھوڑ کر جائیں گے، اگر ہم نے یہ علاقہ چھوڑ دیا تو دشمن کو یہاں قبضہ کرنے میں آسانی ہوجائے گی، ہمیں یہ علاقہ چھوڑنا نہیں بلکہ حکم ملتے ہی آگے جانا ہے، دو جنگیں لڑچکے ہیں اب تیسری جنگ کی تیاری ہے۔ ڈونگا گمبھیر کے شہریوں کا کہنا تھا کہ بھارتی گولیوں کے ڈر سے ہم نہیں بھاگیں گے، بھارتی فوج یہاں میں سویلین آبادی کو نشانہ بنارہی ہے حالانکہ اس علاقے میں کوئی فوجی پوسٹ بھی نہیں ہے ، بھارت جتنی گولیاں برسالے ہم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، آزاد کشمیر حکومت لائن آف کنٹرول توڑنے کا اعلان کرے۔

تازہ ترین