کوئٹہ (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں مسجد روڈ، لیاقت بازار، عبدالستار روڈ اور آرچر روڈ میں کارروائی کرتے ہوئے معروف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو سیل کردیا۔ڈائریکٹر آپریشنز بی ایف اے نداکاظمی کی سربراہی میں بدھ کو کی جانے والی کارروائی کے دوران کچن ایریا میں گندگی و حشرات کی موجودگی، کھانے پینے کی اشیاء ڈھکی ہوئی نہ ہونے،خراب و غیر معیاری گھی اور آئل کے استعمال اور ملازمین کے دستانے ،ماسک،ہیڈکور نہ ہونے سمیت مختلف وجوہات کی بناء پر لہڑی سجی ہائوس کو سیل اور ایک لاکھ روپےجرمانہ کیا گیا جبکہ راز بار بی کیو ٹونائٹ، کوئٹہ ریسٹورنٹ اور کبابش ریسٹورنٹ کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز ندا کاظمی کا کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قیام اور کاروائیوں کا مقصد عوام کو خالص، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ مضر صحت اشیاء خوردونوش کی تیاری اور فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بی ایف اے کی بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس سلسلے میں بی ایف اے کی جانب سے عوام کو صاف اور معیاری غذائی اشیاء کی فراہمی و فوڈ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے دیگر مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات و اشیاء خوردونوش کے معیار کا جائزہ لیا۔بی ایف اے حکام کی جانب سے مذکورہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے مالکان و عملے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیا ء کی تیاری و فروخت کے حوالے سے خصوصی ہدایت نامے اور وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔