• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کا پریس کلب اور ہم سے کوئی تعلق نہیں ،بی یو جے

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 28اگست کو یوم شہدائے صحافت ہر سال کی طرح امسال بھی بھر پور طریقے سے منانے اور اپنے شہید ساتھیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 28اگست کو ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں صحافیوں برداری کے علاوہ سول سوسائٹی‘ وکلاء اور حکومتی نمائندے مدعو ہوں گے۔اجلاس میں 22 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندی کیخلاف پی ایف یو جے کی ملک گیر احتجاج کے فیصلے کی تائید کی گئی اور 22اگست کی سہ پہر تین بجے کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس میں تمام ممبران سے بھر پور شرکت کرنے کی استدعا کی گئی۔ اجلاس میں محکمہ یوتھ افیئرز کی جانب سے موصول شکایتی درخواست پر بھی غور کیا گیا۔ جس پر بی یو جے کا واضح موقف ہے کہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کا بی یو جے یا پریس کلب سے کوئی تعلق نہیں ہے بی یو جے کی نظر میں صحافی وہ ہے جو کل وقتی طور پر کسی پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا سے باقاعدہ طور پروابستہ ہو۔ بی یو جے کی جانب سے ایک بار پھر سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا جاتا ہے اور یہ واضح کیا جاتا ہے کہ صحافت کے نام پر اگر کوئی شخص سوشل میڈیا پر کسی شخص یا ادارے کو بلیک میل کرتا ہے تو متاثرہ شخص یا ادارہ اس ضمن میں قانونی کارروائی کرنے کا مجاز ہے۔ بی یو جے نے صحافت کا لبادہ اوڑے اس قسم کے عناصر کی حوصلہ شکنی کی ہے اورتوقع رکھتی ہے کہ آئندہ بھی اس طرح کے عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے فوری طور بی یو جے کو آگاہ کیا جائے گا۔اجلاس میں بی یو جے کی جنرل باڈی کا اجلاس 5ستمبر کو طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل‘ صحافی و ملازمین کی جبری برطرفیوں‘ تنخواہوں میں کٹوتی و تاخیر میڈیا پر غیر اعلانیہ سنسر شپ اداروں کی بندش جیسے مسائل اور امور زیر غور لائے جائیں گے۔ 
تازہ ترین