• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ خارجہ کا مسئلہ کشمیر پر جاپانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا جاپانی ہم منصب تارو کونو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خارجہ نے جاپانی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں یک طرفہ طور پر آبادیاتی تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جینو سائیڈ واچ جیسی بین الاقوامی تنظیمیں ’جینو سائیڈ الرٹ‘ جاری کر رہی ہیں، موجودہ صورتِ حال میں مقبوضہ کشمیر میں وسیع پیمانے پر کشت و خون کا خدشہ ہے۔

وزیرِ خارجہ نے اپیل کی کہ جاپان مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے میں کردار ادا کرے۔

جاپانی وزیرِ خارجہ تارو کونو نے انہیں جواب دیا کہ ہم اس ساری صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جاپان انسانی حقوق کی پاسداری اور رول آف لاء پر یقین رکھتا ہے۔

تازہ ترین