• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوکا ورلڈ کپ فٹ بال کی تیاری: اسلام آباد میں اوپن ٹرائلز

سوکا ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے برطانوی کوچ کیون ریویز کی کوچنگ میں اسلام آباد میں جاری اوپن ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

لیژر لیگز ٹرنک والا گروپ نے سوکا ورلڈ کپ کی حتمی ٹیم کی تشکیل کے لیے  برطانوی کوچ کیون ریویز کی خدمات حاصل کی ہیں، جو  لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔

برطانوی کوچ کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام آباد کے سٹی اسکول، آئی سی اے ایس اور بیکن ہاؤس اسکولز کے بچوں کے ساتھ کیون ریویز نے ٹریننگ سیشن کیا اور انہیں جدید فٹبال کے گُر سکھائے اور انہیں بتایا کہ کیسے اچھا فٹبالر بنا جاسکتا ہے۔

اسکولز بوائز نے بڑی توجہ سے برطانوی کوچ کی دی گئی مختلف ٹپس پر پریکٹس کی۔ ٹریننگ سیشن کے بعد شریک کھلاڑیوں نے برطانوی کوچ کی ٹریننگ پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم لیژر لیگز کے شکر گذار ہیں کہ انہوں نے ہمیں تجربہ کار برطانوی کوچ سے فٹبال کی ٹیکنیکس سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔

بعدازاں بحریہ یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی، کام سیٹ، ویسٹ منسٹر اسکول، اسکولانووا اسکول اور ایئر یونیورسٹی کے ساتھ ایک مشترکہ ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی اور برطانوی کوچ کی ٹریننگ سے بھرپور استفادہ کیا۔

کیون ریویز کے دوروزہ دورے کے اختتام پر اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس پر اوپن ٹرائلز کا اہتمام کیا گیا، جہاں اسلام آباد، گلگت اور کے پی کے 15شہروں کے300 سے زائد کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔

اسلام آباد، پنڈی، پشاور، مانسہرہ، ٹیکسلا، واہ کینٹ، اٹک، صوابی، پشاور، فاٹا، راولاکوٹ، ہری پور، میرپور آزادکشمیر، کوہاٹ، کامرہ کے کھلاڑیوں کے بہترین ٹیلنٹ پر برطانوی کوچ نے اطمینان کا اظہار کیا۔

اوپن ٹرائیلز کے تین سیشن کیے گئے اور کیون ریویز نے گہرائی کے ساتھ کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو جانچا اور انکا انتخاب کیا۔ منتخب کھلاڑیو ں کے ناموں کا اعلان جملہ ٹرائیلز کے اختتام کے بعد کیا جائے گا۔

23 تاریخ کو لاہور، 24 کو کوئٹہ جبکہ کراچی میں 28 اگست کو آخری ٹرائلز ہوں گے۔

تازہ ترین