محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ آج رات تک بننے کا امکان ہے، مون سون سسٹم کا رخ اگر مغرب کی جانب ہوا تو کراچی میں بادل برس سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ بننے کے بعد اس کے ٹریک اور شدت کے بارے میں کہا جاسکتا ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق اگر مون سون سسٹم کا رخ مغرب کی جانب ہوا تو کراچی سمیت زیریں سندھ میں 28اور 29 اگست کو بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
ذرائع موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔
دوسری جانب جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔