• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن آزادیٔ پاکستان اور یکجہتی کشمیر کی تقریبات

جشن آزاد یٔ پاکستان اوریکجہتی کشمیر کی تقریبات
سفیر پاکستان غلام دستگیر جشن آزادی پاکستان کا کیک کاٹ رہے ہیں

متحدہ عرب امارات میں سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ پاکستان دبئی نے جشن آزادی پاکستان و یک جہتی کشمیر کی تقاریب کا اہتمام بڑے پیمانے پر کیا۔ مقامی اردو، عربی اور انگریزی اخبارات نے یوم آزادیٔ پاکستان کے حوالے سے خصوصی سپلیمنٹ شائع کئے، جن میں پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور سفارت کاروں کے پیغامات کے علاوہ تاریخ پاکستان، ثقافت، مسلمانوں کی جدوجہد، سیروسیاحت، بزنس، تعلیم، ذرائع ابلاغ نے بھی آزادیٔ پاکستان کے دن کو خاص اہمیت دی۔ امارات کے ٹیلی ویژن، ریڈیو سروس نے خصوصی پروگرام نشر کئے۔ دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ کو پاکستانی پرچم کے رنگوں سے سجایا گیا۔ جسے لاکھوں افراد نے دیکھا اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پاکستان چوک شارجہ میں 13اگست کی رات ہزاروں پاکستانی منچلوں نے جمع ہوکر پاکستانی پرچموں کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ مرکزی تقریب سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں منعقد ہوئی۔ اس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانیوں، خواتین، بچوں اور طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ یوم آزادی کی خوشی میں پاکستانی پرچم کی مناسبت سے سبز و سفید رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔

جشن آزاد یٔ پاکستان اوریکجہتی کشمیر کی تقریبات
سفیر پاکستان غلام دستگیر ابوظہبی میں سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں

ننھے منے بچوں کے ایک گروپ نے علاقائی لباس پہنا ہوا تھا۔ ہاتھوں میں پاکستانی پرچم لہراتے یہ بچے جوش و خروش اور جذبوں میں اضافہ کررہے تھے۔ جسے دیکھ کر شرکائے تقریب نے زبردست تالیوں کی گونج میں بچوں کا استقبال کیا۔ تمام شرکاء نے پاکستانی پرچم کے بیج لگائے ہوئے تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ صدر پاکستان اور وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر پاکستان غلام دستگیر نے قومی ترانے کی دھن پر سیلوٹ کے ساتھ سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ خداوندتعالیٰ نے ہمیں آزادی کی نعمت سے نوازا ہے۔ ہم نے آباؤاجداد کی قربانیوں سے علیحدہ وطن حاصل کیا۔ آج کا دن اس عزم کے ساتھ منایا جارہا ہے جو ملک میں سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کا باعث بنے گا۔ ہمیں تمام وسائل بروئے کار لاکر اقوام عالم میںپاکستان کو ترقی دے کر مزید مضبوط ملک کے طور پر کھڑا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پر بھارت نے جو ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے تاکہ کشمیر میں امن قائم ہو۔ متحدہ عرب امارات میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کی علمبردار ہے۔ یو اے ای ہمارا سچا اور گہرا دوست ہے اس موقعے پر سفیر پاکستان نے راوری گروپ کی جانب سے بنایا گیا جہازی سائز کیک کاٹا۔ شرکاء نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔ پاکستان اسکول کے بچوں نے جوش و جذبہ کے ساتھ قومی و ملی نغمے پیش کئے۔اقلیتی برادری کے ارکان نے بھی پاکستان کے قومی نغمے سنائے۔ آخر میں پاکستان اور یو اے ای کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

جشن آزاد یٔ پاکستان اوریکجہتی کشمیر کی تقریبات
پاکستانی اسکولوں کے بچوں کا سفیر پاکستان کے ہمراہ گروپ فوٹو

14اگست کی صبح پاکستان قونصلیٹ دبئی میں بھی تقریب پرچم کشائی ادا کی گئی۔ جس کے مہمان خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان احمد امجد علی تھے۔ اس موقعے پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جن کی موجودگی میں قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا گیا۔ ہیڈ آف چانسری احمد شامی نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ قونصل جنرل احمد امجد علی نے امارات میں پاکستانی کمیونٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں نے یو اے ای اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یو اے ای اور پاکستان کے تعلقات تمام شعبوں میں عروج پر ہیں۔ حکومت پاکستان نے امسال یوم آزادی پاکستان یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا جارہا ہے۔ اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے لیے پرعزم ہے اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو ان کے حق خودارادیت کے لیے مدد فراہم کرتا رہے گا۔ عالمی برادری بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت پر نوٹس لے۔ شرکائے تقریب نے مل کر نہ صرف ہاتھوں کی زنجیر بنائی بلکہ راوری گروپ کی جانب سے بنایا گیا جہازی سائز کیک بھی کاٹا گیا۔ پاکستانی اسکولوں کے بچوں نے جوش و خروش سے علاقائی، ملی و قومی نغمے سنائے اور خوب داد حاصل کی۔ کرسچن کمیونٹی نے ٹیبلو بھی پیش کئے۔ تقریب کشمیری سینئر قیادت اور قونصلیٹ کے افسران، اسٹاف، ممتاز پاکستانی شخصیات شیر اکبر آفریدی، جان قادر، یونس ملک، عرفان افسر اعوان، سید منور عباس، حاجی میر حسن، سید سجاد حیدر شاہ، چوہدری عبدالحمید راوری والے، ڈاکٹر ناصر خان اور دیگر نے شرکت کی۔ آخر میں ملکی ترقی و خوشحالی اور کشمیری عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تازہ ترین