سعودی عرب کے مختلف شہروں میں گزشتہ دنوں کشمیر ی مسلمانوں پہ ظلم وبربریت اور یوم پاکستان کے حوالے سے کئی تقریبات منعقد ہوئیں ،جن میں مقررین نے کہا کہ نریندرمودی نے بھارت کے ٹکڑے ہونے کی بنیاد خود ہی رکھ دی ہے ۔ کشمیریوں کی 72 سالوں کی قربانیوں اور حق خودارادیت کو طاقت اور بندوق کے زور پر دبایا نہیں جاسکتا۔ریاض میں تحریک انصاف سینٹرل ریجن اور سٹی کے زیرانتظام کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی منانے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت کشمیریوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب سے مہمان خصوصی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ پاکستان محمود لطیف نےکہا کہ 72 سالوں میں کشمیریوں نے ایک لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی دی اور تو اور کشمیر کی بیٹیوں کی عزتوں کو بھی پامال کیا گیا اور ہر طرح سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی گئیں، لیکن میں آج کشمیری بہن ،بھائیوں، بزرگوں، نوجوانوں، ماؤں، بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آج بھی وہ اپنے حق کے لیے کھڑے ہیں اور ان شاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی کا جشن پاکستان کے ساتھ منائیں گئے۔ تقریب سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عبدالقیوم خان ، بخت شیر علی ، عبداللہ ملک ، عمر خان ، محمد عرفان عارف ،ذاہد شریف سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ ہم ہندوستان کی طرف سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت اور لگائے گئے کرفیو کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوایا جائے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں آج حکومت پاکستان اجازت دے تو ہم مقبوضہ کشمیر میں جانے کو تیار ہیں اور اپنا تن من دھن کشمیریوں کے لیے قربان کردیں گئے۔ تقریب میں پاکستان ذندہ باد ۔ پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے جوش خروش کے ساتھ لگائے گئے ۔
اس حوالے سے ایک اور تقریب میں سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے کہا کہ یوم آزادی کو تجدید عہد کے طور پر منانا چاہیے اور سعودی عرب میں جہاں جہاں پاکستانی محنت کش مقیم ہیں، محنت مزدوری کے ساتھ ساتھ عملاً ایسا کردار ادا کریں کہ جس سے ملک وقوم کا امیج روشن ہو۔انہوں نے یہ بات ایک لیبر کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں 5 ہزار سے زائد پاکستانی برسرروزگار ہیں، مزدوروں نے یوم آزادی اور کشمیر کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے تقریب سجائی۔ سفیر پاکستان نے جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جہاں پاکستان کا ذکر آئے گا وہاں کشمیر کا ذکر بھی آئے گا۔انشاءاللہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں آذادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔سال بھر محنت مزدوری کرنے والے پاکستانیوں نے ملی نغموں پر رقص کے ساتھ رباب اور ڈھول کی تھاپ پہ فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے جشن آزادی اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔پاکستانیوں کو قومی نغموں پہ رقص کرتا دیکھ کر مقامی سعودی مہمانوں نے بھی مزدوروں کے ساتھ حصہ لیا اور پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔تقریب گاہ اللہ اکبر ، پاکستان ذندہ باد ، پاک فوج ذندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی۔ تقریب میں سعودی سمیت غیر ملکی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔جدہ میں ہونے والی ایک اور تقریب میں سابق وزیراعظم ریاست آزاد جموں کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے شرکت کی جبکہ حریت رہنما الطاف بٹ بھی خصوصی طور پہ شریک ہوئے۔مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کو جو کرنا تھا کر لیا، اب کشمیریوں کی باری ہے اپنی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کی۔ہم ان شا اللہ اپنی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔تقریب کی صدارت چئیرمین سردار اشفاق نے کی جبکہ مہمان خصوصی حریت کانفرنس کے رہنما الطاف احمد بٹ اور سابق صدر اور سابق وزیراعظم حکومت آزاد ریاست جموں کشمیر سردار یعقوب خان تھے۔نظامت کے فرائض ڈپٹی سیکریٹری جنرل راجہ پرویز نے ادا کیے۔
جدہ میں پی ٹی آئی کارکنان اور ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم کی جانب سے بھی اسپیکر کے پی کے مشتاق غنی اور پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات افتخار چوہدری کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔ ہزارہ کے کاروباری و سماجی شخصیت راجہ محمد مسکین نے تقریب کی صدارت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق غنی نے کہا کے ہمیں ملک میں معاشی حالات خراب ملے ہیں عوام کومایوس نہیں ہونا چاہئے ملکی حالات بہتر کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا، دوسری جانب مسلۂ کشمیر سنگین رخ اختیار کرتا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کے اس وقت پورے ملک میں چھوٹے صوبوں کی ضرورت ہے، صوبے بننے سے وفاق مضبوط ہوگا۔تقریب سے ہزارے وال فورم کے مرکزی صدر نورالحسن گجر ،بابر اکرم خان اور پی ٹی آئی جدہ کے سابقہ عہدے دارونُ شہباز اختر بھٹی ،انجم وڑائچ ،عدنان فاروقی ،حیدر علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
پاکستان تحریک انصاف مدینہ المنورہ کے زیر اہتمام بھی یوم پاکستان اور یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ۔جس میں مہمان خصوصی اسپیکر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی اور دفاع کی اسٹینڈ نگ کمیٹی کے چیرمین امجد نیازی نے بھی شرکت کی، کشمیر اور پاکستان کا قومی ترانہ سنایا گیا، بچوں نے ملی نغمے پیش کیے، جب تقریب سے پی ٹی آئی مدینہ منورہ کے صدر افضل عباس نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام پاکستانی دنیا بھر میں انڈین مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ ریاض سے آئے پی ٹی آئی کے سینئر عہدیدار عبد القیوم خان، زبیر احمد ،نور الامین نے خطاب کیا اور کہا کہ ہم اوورسیز پاکستان، جنگ کی صورت میں پاکستانی افواج کے شانہ بشانہ ہوں گے، امجد خان نیازی نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہمارے پانیوں کا راستہ ہے اور پانی کے بغیر زندگی ناممکن ہے۔سعودی جرمن ہسپتال پاکستانی کمیونٹی نے بھی یوم پاکستان اور یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منایا، سعودی جرمن ہسپتال مدینہ المنورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد عیسی نے اپنے خطاب میں پاکستان کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔بچوں نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے پرچم کشائی کی، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان و کشمیر کی ڈاکومینٹری پیش کی گئی جبکہ سعودی،مصری ، اور پاکستانی خواتین و حضرات کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی، پروگرام کے اختتام پر جہانزیب منہاس اور ڈاکٹر احمد عیسی کو تحفے بھی دئیے گئے، مکہ مکرمہ میں انجمن تحفط حجاج کے سربراہ کامران بٹ نےطورکروں اور حجاج کے یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹا اور ملک کی خوشحالی، کشمیریوں کی فتح ونصرت کیلئےدعائیں کیں۔
مکہ میں ہی پاکستان حج مشن میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے14 اگست کی تقریب سے خطاب میں کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کاعزم دہرایا۔وفاقی وزیرنے مکہ مکرمہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گااور کہا کہ جدوجہد آزادی کا نعرہ اب ہر کشمیری کی آواز ہے، بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیر کی آئینی حثییت تبدیل نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری وادی کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے بھارت نے انٹرنیٹ اور دوسری کمیونیکیشن سسٹم کو مفلوج کیا ہوا ہے جس سے وادی کے لوگوں کے رابطے منقطع ہیں۔ وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کر کے ہی کامیابی سمیٹی جا سکتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب نے کہا کہ آزادی پر ہمیں فخر کرنا چایئے اور تمام تر توانائیاں اس کی حفاظت کے لئے لگانی چائیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ معیشت کی بہتری پر ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حوالے سے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کی حثییت تبدیل کرکےاقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف وزری کی ہے انہوں نے کہا مسلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چایئے۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر نورالحق قادری نے قومی پرچم کے رنگوں سے مزئین کیک کاٹا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا ۔