پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ سنو مودی! تم لیڈر نہیں قاتل ہو۔
گلگت بلتستان کے ضلع گھانچے میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مودی! تم گجرات کے قاتل ہو اور اب کشمیر کے قاتل بن گئے ہو، کشمیر سے کرفیو اٹھاؤ، قیدیوں کو رہا کرو۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے، گجرات کے قصائی سے کہتا ہوں کہ کشمیریوں کو جتنی طاقت سے دباؤ گے وہ تمہارے خلاف اس سے زیادہ طاقت سے کھڑے ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کے لیے ہمیں جو کرنا پڑا ہم کریں گے، اگر ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑی تو ہم لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کے مظلوم عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، ہم سب کو مل کر کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے ہیں، ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے وزیرِ اعظم عمران خان کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب! تھوڑی شرم ہوتی ہے، نہ غربت کم ہوئی نہ بے روزگاری۔
انہوں نے جلسے میں آئے ہوئے لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میری طاقت بنیں گے تو میں خود یہ سارے سلیکٹڈ نکال کے باہر پھینک دوں گا۔