• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوکا ورلڈ کپ کی حتمی ٹیم کی تشکیل کے لیے لاہور کے ٹرائلز کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا، پنجاب کے 24 شہروں کے 400 سے زائد کھلاڑیوں نے فیم گراؤنڈ پر ٹرائلز میں حصہ لیا، جن میں سے برطانوی کوچ کیون ریویز کیون ریویز نے 12 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا۔

سوکا ورلڈ کپ کے لئے ٹیم بنانے اور چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے لیژر لیگز نے برطانوی کوچ کیون ریویز کی خدمات حاصل کی ہیں، جو اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں اوپن ٹرائیلز کے ذریعے کھلاڑیوں کا انتخاب کررہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس پر ٹرائلز کا کامیاب انعقاد اور پھر اس کے بعد لاہور میں فیم فٹبال گراؤنڈ، ماڈل ٹاؤن کی سر سبز فیلڈ پر پنجاب کے 24 شہروں لاہور، قصور، گجرانوالہ، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، ظفروال، نارووال ،فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، میاں چنوں، وہاڑی، شکرگڑھ، سرگودھا، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، منڈی بہاالدین، اوکاڑہ، دیپال پور، پتوکی، میاں والی، جڑانوالہ اور مرید کے سے 400 سے زائد کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی اور ٹرائلز میں حصہ لیا۔

برطانوی کلبز مانچسٹر یونائیٹڈ اور اسٹاک سٹی کے پروفیشنل کوچ اوریوئیفا سے کوچنگ کے’اے‘ لائسنس کے حامل برطانوی کوچ کیون ریویز نے 400 سے زائد کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز میں شرکت پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی کھلاڑی اعلیٰ صلاحتیوں کے حامل ہیں اور انہیں حقیقی مواقع میسر آئیں تو وہ اپنی قدرتی صلاحیتوں کا دنیا بھر میں لوہا منوا سکتے ہیں۔

کیون ریویز نے ان کھلاڑیوں میں سے 12 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

برطانوی کوچ کے ہمراہ پاکستان کے سپر اسٹارز کلیم ﷲ، عیسیٰ خان، گوہر زمان، سعد ﷲ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر فیم فٹبال کلب کے صدر ضیاء ڈوگر نے لیژر لیگز کی فٹبال کھیل کی پروموشن اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوکا ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے اوپن ٹرائلز کے لیے پاکستان کے کونے کونے سے کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی اور کھلاڑی جوق درجوق اس میں اپنی شرکت کو یقینی بھی بنا رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔

تازہ ترین