• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹر بورڈ میں مرحومین کے کوٹے پر بھرتی یقینی بنائی جائے،یونائٹیڈ ورکرز یونین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ یونائٹیڈ ورکرز یونین کے چیئرمین جوزف صنم اور صدر پنھل خان مگسی جنرل سیکرٹری اکرام خان، رہنمائوں چن زیب ،ناظم خان ،اشرف اعوان ،امرجلیل ،ریحان الٰہی ،ارشد اعوان ،خالد احسان مدنی اور نظام خان نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی مرحومین اور معذور افراد کے کوٹے پر ملازمتوں میں بے قاعدگیاں کی گئیں اور اب بھی ایسی کوششیں جاری ہیں، جس پر یونین نے اپنے قانونی مشیر کے توسط سے منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) واٹر بورڈ اور ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے کو قانونی نوٹس بھیجا ہے، تاکہ مرحومین کے کوٹے میں شفاف بھرتی یقینی بنائی جاسکے، ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر انتظامیہ نے یونین کو اندرون 7یوم فہرست بمعہ جملہ تفصیل فراہم نہ کی تو پھر سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی، انہوں نے 1200سے زائد ریٹائر اور وفات پاجانے والے ملازمین کو بھی ایک سال سے زائد عرصے سے قانونی واجبات اور پنشن فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور وزیربلدیات سے مطالبہ کیا کہ 88کروڑ روپے کی اسپیشل گرانٹ واٹر بورڈ کے ریٹائر اور وفات پاجانے والے ملازمین کو قانونی واجبات کی ادائیگی کے لیے جاری کی جائے۔
تازہ ترین