فیصل آباد کینال روڑ پر کشمیر انڈر پاس کا میگا پراجیکٹ ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہو سکا ہے۔
میگا پراجیکٹ میں تاخیر کے باعث اسکول آنے جانے والے طلباء اور یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کینال روڑ پر ٹریفک کے بڑھتے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 1 ارب 28 کروڑ کی لاگت سے 2018 میں کشمیر انڈر پاس کی تعمیر کے کام کا آغاز کیا تھا لیکن فنڈز کی فراہمی رکنے سے یہ منصوبہ تاحال تاخیر کا شکار ہے اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ میں تاخیر کی وجہ سے کافی پریشانی کا سامنا ہے، بچوں کو اسکول لانے اور لے جانے میں دوسرے اور لمبے راستوں سے گزرنا پڑتا ہے ، ڈیڑھ سال ہو گیا ہے اس کو بنتے ہوئے مگر ابھی تک یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس پراجیکٹ کی جلد تعمیر کی جائے۔
انڈر پاس کے میگا پراجیکٹ سے متعلق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے فنڈز ملنے پر اس سال کے آخر تک کام مکمل کر لیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سی ایم پنجاب کو ایک سمری بھیجی ہے کہ وہ ہمیں مکمل فنڈز دیں سمری منظور ہو گئی تو یہ جلد مکمل ہو جائے گا ہماری کوشش یہ ہے کہ منصوبہ اسی سال مکمل کر لیں ۔