اسلام آباد ( این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 23مارچ ہمیں تحریک پاکستان کی یاد دلاتا ہے جس کی بنیاد دوقومی نظریہ پر ہے اس دن کو شایان شان طریقے سے منانا چاہئے ،ملک میں تحریک پاکستان کے ولولہ کو زندہ و تابندہ رکھنے کی ضرورت ہے ،آئین پاکستان ہر شہری کو بنیادی حقو ق کی فراہمی پر زور دیتا ہے مگر ملک میں قیام پاکستان سے لے کر اب تک آئین و قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوسکی،امیر اور غریب کے لئے الگ الگ قوانین ہیں ،امیروں نے اس ملک کو لوٹ کر بیرون ملک اپنے اربوں روپے کے اثاثے بنارکھے ہیں جبکہ غریب سارا دن اپنا خون پسینہ بہانے کے باوجود پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھا سکتا ۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں آئین کی بالا دستی ہوتی تو آئین کو توڑنے اور بازیچہ اطفال بنانے والے ڈکٹیٹر کو بھاگنے کا موقع نہ ملتا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں ایک دوسرے کے خلاف جو بیانات دے رہے ہیں وہ بالکل سچ بولتے ہیں ،قوم کو دونوں کا چہرہ اچھی طرح پہنچان لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ مشرف کو بھاگ جانے کا موقع دونوں نے باہمی رضا مندی سے دیا مگر اب دونوں ایک دوسرے پر الزامات لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی آئی اے سمیت قومی اداروں کی تباہی کی ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکومتیں ہیں ۔ اقتدار میں رہنے والی دونوں جماعتوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔ایک سازش کے ذریعے پہلے اداروں کو ناکام بنایا جاتا ہے اور پھر ان کی ناکامی کا ڈھنڈھورا پیٹ کر انہیں کوڑیوں کے بھائو اپنے نور نظر افراد کے ہاتھ بیچ دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو اونے پونے داموں فروخت کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔قوم اپنے خون پسینے کی کمائی سے بنائے گئے اثاثوں کی حفاظت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بیرونی آقائوں کے اشارے پر حکمران حقوق نسواں کے نام پر معاشرے کو تباہ و برباد اور ہمارے خاندانی نظام کو توڑنے پر تلے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ذی شعور اپنے گھر میں نفرتوں کی دیوار کھڑی نہیں کرنا چاہتا مگر عاقبت نااندیش حکمران بیرونی اشاروں پر گھر کو گھر کے چراغ سے ہی جلانے کا سامان کررہے ہیں۔