• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کراچی مجھے دیں، 3 ماہ میں صاف کرکے دکھاؤں گا‘، مصطفیٰ کمال

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کی کراچی میں میڈیا سے گفتگو 


پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی میرے حوالے کریں، تین ماہ میں شہر کو صاف کرکے دکھائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم کی قیادت اپنی پارٹی میں احتساب کا عمل شروع کرے اور میئر کراچی اور چیئرمینز کو فارغ کرکے نئے لوگ لائے۔ اُن کا کہنا ہے کہ میئر کراچی اور دیگر حکام کو بھاگنے نہ دیا جائے بلکہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب سے پہلے کراچی کو کردار والی قیادت چاہیے۔ وفاق کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے پانچ گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن بنائے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فوری ختم کیا جائے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم یونین کونسل کی سطح اور یونین چیئرمین کے حوالے کیا جائے۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ایک جنگ کراچی میں لڑی ہے، پاک سر زمین پارٹی ہر قدم پر کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ کشمیر جا کر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نےکشمیر معاملے پر عمران خان کی حکومت کی غیر مشروط حمایت کی ہے، دنیا میں کوئی مظلوم کی مدد نہیں کرتا مفادات دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل سے کشمیر کے دورے پر جارہے ہیں کیونکہ کشمیر میں جاری مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

مصطفیٰ کمال نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں صفائی کے معاملے پر یو این کوبلانا پڑے گا، اربوں روپےکچرا اُٹھانے، تنخواہوں اور ایندھن کی مد میں خرچ ہو رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کراچی میں صفائی نہیں ہو رہی۔ اُن کا کہنا ہے کہ کراچی میں لاجسٹکس مجھے دے دیں،ان ہی وسائل سے 3ماہ میں صفائی کردیں گے۔

یہ کراچی اور اس کے شہریوں سے کھلواڑ کر رہے ہیں، شہر کے لیے انہیں 69ارب روپے ملے کہاں گئے؟ میئر کراچی وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں ڈال کر تحقیقات کی جائیں۔

تازہ ترین