• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، محرم میں اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کریم خان

پشاور (کرائم رپورٹر) چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور محمد کریم خان نے کہا ہے کہ محرم میں نفرت اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا‘ محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ محرم الحرام کا پرامن انعقاد اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے ابھی سے ضروری اقدامات کرتے ہوئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز متحدہ امن کمیٹی کے نمائندہ وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ متحدہ امن کمیٹی کے سربراہ مولانا حسین احمد مدنی کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر‘ ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی‘ ایس پی کینٹ محمد اشفاق‘ ایس پی رورل شوکت خان‘ ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالسلام خالد‘ ایس پی سکیورٹی سید عنایت علی شاہ‘ ایس پی سٹی عتیق شاہ‘ متحدہ امن کمیٹی کے صدر حاجی فرہاد‘ انعام قادری‘ پنڈت ہری لال‘ گور پال سنگھ اور اقبال بھٹی مسیح سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ سی سی پی او کریم خان نے متحدہ امن کمیٹی کے نمائندہ وفد کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور پولیس ماضی کی طرح امسال بھی محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران تمام علمائے کرام اور معززین علاقہ کے ساتھ مل کر شہر میں امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی شہر کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سی سی پی او کریم خان نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران نفرت انگیز لٹریچر اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے علماء کرام سے بھی اپیل کی وہ پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے نفرت آمیز رویوں اور اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں۔ شہر کی فضا کو پرامن رکھنے کی خاطر اندرون شہر کرایہ داروں اور افغان مہاجرین کی دوبارہ ویریفیکیشن کرائی جائے گی۔ اس موقع پر متحدہ امن کمیٹی کے سربراہان نے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جن پر سی سی پی او کریم خان کی جانب سے عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
تازہ ترین