میرپور+خیرپور ناتھن شاہ+ شاہپور چاکر (بیورورپورٹ/ نامہ نگاران) خیرپور میں پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی جانب سے جنرل پرویز مشرف کو ملک سے باہر بھیجنے کے خلاف چیف منسٹر ہاؤس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی غزالہ سیال ،ریحانہ جمانی،پارس جاگیرانی ،میڈم فرحین اور ارم بھٹی کر رہی تھیں۔ پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی جانب سے خیرپو رمیں ریلی نکالنے کے لیے غزالہ سیال کی صدارت میں اجلاس ہوا تھا جس میں ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر ضلع بھر کی سینکڑوں خواتین چیف منسٹر ہاؤس خیرپور میں جمع ہو ئیں جہاں سے وہ بینرز، جھنڈے اور جنرل پرویز مشرف کا پتلا اٹھا کر نکلیں۔ ریلی میں شریک خواتین ورکر زگو نواز گو کے نعرے لگاتے ہوئے پریس کلب پہنچیں۔ جہاں انہوں نے میاں نواز شریف کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور جنرل پرویز مشرف کے پتلے کو آگ لگائی، ان دوران متعدد خواتین اپنے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھیں۔ احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ جنرل پرویز مشرف کے خلاف شہید بے نظیر بھٹو کے قتل سمیت کئی سنگین مقدمات چل رہے ہیں ۔وزیر اعظم نے جنرل پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دیکر قوم کی دل آزاری کی ہے قوم میاں نواز شریف کو معاف نہیں کرے گی۔ پی پی خواتین نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ جنرل پرویز مشرف کو فوری طور پر واپس لاکر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ خیر پور ناتھن شاہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اورخواتین ونگ کی جانب سے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف ایم پی اے ڈاکٹر سنجیلا لغاری،تعلقہ صدر اعجاز چانڈیو،لیاقت کھوسہ،غلام شبیر گاڈھی اور دیگر رہنمائوں کی قیادت میں کمیونٹی سینٹر سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اورپریس کلب کے سامنے مظاہرہ کر کے دھرنا دیا گیا۔دریں اثناء پیپلز پارٹی کی خواتین ونگ کی جانب سے سابق ایم پی اے اور موجودہ صوبائی عہدیدارشرف النساء قمبرعلی لغاری کی قیادت میں سیتا روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور 12 کلومیٹرکا فاصلہ پیدل مارچ کرکے خیرپورناتھن شاہ میں پہنچ کرپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا دیاگیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی جبکہ شرف النساء لغاری نے خطاب کرتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل میں ملوث پریز مشرف کو فوری طور پر واپس لانے کا مطالبہ کیا۔ شاہ پور چاکر: سابق صدر پرویزمشرف کے بیرون ملک جانے کے خلاف پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کے تحت سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچوں نے ضلعی صدر نوشاد بلوچ کی قیادت میں بلوچ کالونی سے احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کے شرکاءنے سابق صدر پرویز مشرف اور وفاقی حکومت کے خلاف سخت نعرےبازی کی۔ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرےسے خطاب کرتے ہوئےضلعی صدر نوشاد بلوچ ، تحصیل صدر پروین بگھیو، رانی بلوچ آسیہ ملاح، قزبانو نوناری ودیگر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے آشیرباد سے پرویز مشرف کو بیرون ملک روانہ کیا گیا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پرویز مشرف کو واپس پاکستان لایا جائے۔