• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کشمیریوں سے یکجہتی کا دن، دوپہر 12 بجے سائرن، ٹریفک آدھے گھنٹے کیلئے بند، سگنل سرخ رہیں گے، تمام پاکستانی سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر باہر نکلیں، وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)ملک بھر میں آج جمعہ کویوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا‘ٹھیک دوپہر 12 بجے سائرن بجیں گے اور قومی ترانہ پڑھا جائے گا ‎‏،قومی ترانہ کے بعد کشمیر کا ترانہ پڑھا جائے گا۔

آج کشمیریوں سے یکجہتی کا دن


سگنل آدھے گھنٹے تک ریڈ اور ٹریفک رکی رہے گی‘ قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا جھنڈابھی لہرایاجائے گا‘ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی ‘وفاقی وزراء‘پی ٹی آئی اور سرکاری ملازمین ڈی چوک میں جمع ہوں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان شاہراہ دستور پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرینگے۔ عمران خان نے عوام سے آدھے گھنٹے کیلئے باہر نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہےکہ ہم باہر نکل کر پیغام دیں گے کہ پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر پر غیرقانونی قبضے کے خلاف کھڑی ہے ‘تمام پاکستانی سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر آج 12 بجے سے لے کر 12:30 تک باہر نکلیں اور اہلِ کشمیر کیساتھ اظہار یکجہتی کریں،ادھرآئی ایس پی آرنے بھی نوجوانوں بالخصوص طالب علموں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ غیر متزلزل حمایت کے اظہار کیلئے ان پروگراموں میں شرکت یقینی بنائیں،تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج جمعہ کوقومی سطح پریوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان شاہراہ دستور پر کشمیر بنے گا، پاکستان کے نعروں کی گونج میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرینگے۔ چوہراہوں اور شاہراہوں پر کشمیریوں سےاظہاریکجہتی کیلئےاحتجاج کیا جائے گا۔ ٹرینیں ایک منٹ کیلئے کھڑی کی جائیں گی، پاکستان بھر میں عوام اپنے مقام کار یا جہاں بھی موجود ہوں گے وہ نصف گھنٹہ کیلئے کھڑے ہو جائیں گے اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کریں گے، اسلام آباد کے ڈی چوک میں دن بارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے شاہراہ دستور پر واقع دفاتر کے ملازمین جمع ہونگے۔ انتظامیہ نے اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ٹریفک پولیس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈی چوک میں وفاقی وزراءاور تحریک انصاف کے رہنما اورمقامی عمائدین بھی جمع ہونگے۔وزیراعظم وزرائے اعلی اور ارکان پارلیمنٹ اپنے متعلقہ سیکرٹریٹ اور دفاتر کی عمارتوں کے باہر جبکہ ملک بھر میں لوگ اپنے دفاتر مکانات مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے باہر جمع ہوں گے۔نماز جمعہ کے بعد کشمیری عوام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی ‘تحریک انصاف ڈی چوک میں کشمیری بھائیوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرے گی۔کیبنٹ ڈویژن کے فیصلے کے مطابق آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا ۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بھی اس سلسلے میں اپنے پروگرام کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق تمام افسروں اور اہلکار این ایچ اے ہیڈ کوارٹر میں جمع ہو نگے۔ ادیبوں ، شاعروں اوردانشوروں نے بھی "اظہارِ یکجہتی کشمیر" کے موقع پر اکادمی ادبیا ت پاکستان کے زیر اہتمام کشمیریوں پر مظالم کے خلاف دوپہر 12 بجےپطرس بخاری روڈ،سیکٹر H-8/1 کے سامنے اکھٹے ہو کر بھارتی جارحیت کے خلاف مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ وفاقی محتسب طا ہر شہباز کی سر برا ہی میں وفاقی محتسب کے تمام افسران اور ملا زمین وفاقی محتسب سیکر ٹر یٹ اسلا م آباد کے با ہر کشمیر یوں سے یکجہتی کا مظا ہر ہ کر یں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری قوم بھارت کے ریاستی مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں گھروں سے باہر نکلے گی، مظاہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا آغاز پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانوں سے ہوگا،عمران خان مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کرتے ہوئے قومی جذبات پوری دنیا تک پہنچائیں گے،انہوں نے کہا کہ انتہا پسند مودی دنیا کے امن کو تباہ کر رہا ہے۔ بھارت نفرت، ظلم اور جبر کی آلودگی پھیلا کر انسانی زندگی اور بقائے باہمی کے ماحول کو برباد کرنا چاہتا ہے،انہوں نےمئو قف اختیار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت انسانی تاریخ میں بدقسمت باب کا اضافہ ہے، ادھروزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں تمام پاکستانیوں سےآدھے گھنٹے کیلئے باہرنکلنے کی اپیل کرتےہوئے کہاہے کہ آج باہر نکل کر ہم کشمیری بھائیوں کو پیغام دیں گے کہ پوری پاکستانی قوم بھارتی سفاکیت، 24 روز سے جاری غیر انسانی کرفیو، بچوں، خواتین سمیت کشمیری باشندوں پر تشدد، ان کے قتل ، مودی سرکار کے نسل کشی کے ایجنڈے اور مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کھڑی ہے،وزیراعظم نے کہاکہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کا منصوبہ چوتھے جینیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔

تازہ ترین